صوابی،دالوڑی بالا ،سرکوئی پایاں کے متاثرہ خاندانوں ،شہدا کے لواحقین میں امدادی چیکس کی تقسیم شروع

ہفتہ 23 اگست 2025 22:58

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے حالیہ کلاوڈ برسٹ کے نتیجے میں گدون امازئی کے گاں دالوڑی بالا اور سرکوئی پایاں کے متاثرہ خاندانوں اور شہدا کے لواحقین میں اعلان کردہ امدادی بینک چیکس کی تقسیم کا آغاز کردیا گیا ، جس کا اعلان خیبرپختونخوا کے وزیر اعلی علی آمین خان گنڈہ پور نے گزشتہ روز ڈی سی آفس صوابی میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں کیا تھا، اس سلسلے میں ہفتے کے روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیرِاعلی خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے ٹرانسپورٹ حاجی رنگیز احمد خان، تحصیل صوابی چیئرمین عطااللہ خان، ڈپٹی کمشنر صوابی نصر اللہ خان اور دیگر حکام نے صوبائی حکومت کی جانب سے دالوڑی بالا اور سرکوئی پایاں گدون کے حالیہ سیلاب متاثرین میں فی کس بیس، بیس لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسد قیصر اور دیگر معززین نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور یقین دلایا کہ حکومت ان مشکل حالات میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور نقصانات کے ازالے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔مزید برآں اسد قیصر نے ضلعی انتظامیہ کو تحصیل ٹوپی، بالخصوص گدون کے مختلف علاقوں میں رابطہ سڑکوں اور پلوں کی فوری مرمت، بجلی اور بحالی کے لیے ہدایات جاری کیں تاکہ مقامی آبادی کی آمدورفت اور روزمرہ زندگی جلد از جلد معمول پر آسکے۔

صوابی کی تحصیل ٹوپی کے دالوڑی بالا گدون میں کلاڈ برسٹ اور سیلابی حادثے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں ۔ اللہ تعالی تمام شہدا کے درجات کو بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔