بھاگ میں ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن ریٹائرڈ جمعہ داد مندوخیل کی زیر صدارت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا

ہفتہ 23 اگست 2025 20:15

لله بھاگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2025ء) گورنمنٹ بوائز ہائی سکول بھاگ میں ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن ریٹائرڈ جمعہ داد مندوخیل کی زیر صدارت ایک شاندار کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔کھلی کچہری میں سیاسی و سماجی شخصیات، پولیس، لیویز، ایف سی بلوچستان کے افسران، مختلف محکموں کے نمائندگان، صحافی برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر مقامی رہنماں اور شہریوں نے اپنے مسائل تفصیل سے پیش کیے جن میں پانی، بجلی، گیس کی فراہمی، نکاسی آب کے مسائل، تعلیمی اداروں کی حالتِ زار، بھاگ تا بختیار آباد روڈ کی خستہ حالی اور امن و امان کے حوالے سے درپیش مشکلات شامل تھیں۔ شہریوں نے کہا کہ یہ مسائل برسوں سے حل طلب ہیں جن پر فوری توجہ ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کچھی کیپٹن (ر)جمعہ داد مندوخیل نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور انہیں باقاعدہ رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ عوامی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔شرکا نے کھلی کچہری کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس طرح عوام اور انتظامیہ کے درمیان رابطے کے سلسلے مزید مستحکم ہوں گے، جس سے نہ صرف عوامی مسائل بروقت حل ہوں گے بلکہ علاقے میں پائیدار امن اور ترقی کی راہ بھی ہموار ہوگی