لاہور میں ’’بیسٹ آف ایسکو 2025‘‘کا انعقاد، کینسر کے علاج میں نئی تحقیق اور پیشرفت پر روشنی ڈالی گئی

ہفتہ 23 اگست 2025 20:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)ہیمل فارماسیوٹیکلز اور سوسائٹی آف میڈیکل آنکولوجی پاکستان کے زیراہتمام’’بیسٹ آف ایسکو 2025‘‘کے عنوان سے ایک بین الاقوامی نوعیت کی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں کینسر کے علاج میں دنیا بھر میں ہونے والی جدید تحقیق اور پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کانفرنس میں مصنوعی ذہانت، پریسیشن آنکولوجی، امیونو تھیراپی اور کینسر کے جدید ترین علاج کے طریقوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔

پاکستان میٹنگز کے صدر پروفیسر سید نجیب نعمت اللہ نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ یہ ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ پاکستان اس عالمی معیار کی کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس صرف علم کے تبادلے اور اشتراک عمل کا ذریعہ نہیں بلکہ کینسر کے علاج میں عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت کو پاکستان میں لاگو کرنے کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر نجیب نعمت اللہ نے کہا کہ یہ کانفرنس کینسر کے مریضوں کے لیے بہترین علاج کی سہولیات فراہم کرنے اور نوجوان ڈاکٹرز کو عالمی سطح کے تجربات سے مستفید کرنے کا ذریعہ بنے گی۔ ان کے مطابق اس طرح کے علمی اجتماعات صحت کے شعبے کو مزید ترقی دینے میں سنگ میل ثابت ہوں گی.کانفرنس میں ماہرین نے کینسر کے علاج کے لیے امیونو تھیراپی، پریسیشن آنکولوجی اور جدید حکمت عملیوں کے حوالے سے تازہ ترین ریسرچ پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر نوجوان آنکولوجسٹس کے لیے خصوصی آنکولوجی جیوپیریڈی سیشن کا بھی انعقاد کیا گیا، جسے علم اور مہارتوں کے اظہار کا بہترین موقع قرار دیا گیا۔پینل ڈسکشن کے شرکا میں پروفیسر عباس کھوکھر،ڈاکٹر قاسم بٹر ،ڈاکٹر عظمی تجڈین ،ڈاکٹر نائلہ زاہد،ڈاکٹر اعجاز خان،ڈاکٹر مریم نعمان،ڈاکٹر ملیحہ اشفاق،ڈاکٹر شاعلان بیگ، ڈاکٹر وسیم ستار،پروفیسر زیبا عزیز،ڈاکٹر ایم طارق،ڈاکٹر نعمان ظاہر،ڈاکٹر طاہر بشیر ،ڈاکٹر فیروز اچکزئی،ڈاکٹر صادق نہاریو،ڈاکٹر نواز ابڑو،ڈاکٹر حافظ خوش نصیب،ڈاکٹر منیرہ موساجی،ڈاکٹر یاسمین عبدالرشید،محمد افضل،ڈاکٹر اشفاق شاہ،ڈاکٹر عامرہ شامی،ڈاکٹر کوثر بانو،ڈاکٹر سیف الرحمن،ڈاکٹر کنزہ صابر اورڈاکٹر زینب جان شامل تھے۔

اس تین روزہ پروگرام کے انعقاد میں ہیمل فارما سیوٹیکلز نے بطور پلاٹینم اسپانسر اہم کردار ادا کیا، جو ’’بیسٹ آف ایسکو 2025پاکستان میٹنگ‘‘کی میزبان ہے۔ تقریب کے اختتام پر ہیمل فارماسیوٹیکلز کے ایم ڈی ڈاکٹر ایم ارشد،سی ای او شریف سجاد اور ڈائریکٹر ڈاکٹر عثمان امین بٹ نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر مقررین کو سوینیئر بھی پیش کئے گئے۔