حکومت پنجاب کا کُوڑے سے 150 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا فیصلہ

پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر لاہور میں 50 میگاواٹ کا پلانٹ لگانے پر کام ہو رہا ہے، روزانہ 3 ہزار ٹن ویسٹ اتنی بجلی پیدا کرنے کیلئے کافی ہے، وزیر بلدیات ذیشان رفیق

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 29 اگست 2025 19:03

حکومت پنجاب کا کُوڑے سے 150 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا فیصلہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اگست2025ء) وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب میں مرحلہ وار ویسٹ سے 150 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر لاہور میں 50 میگاواٹ کا پلانٹ لگانے پر کام ہو رہا ہے۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سیکرٹری انرجی ڈاکٹر فرخ نوید اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او بابر صاحب دین نے بھی شرکت کی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کے کلین اینڈ گرین پنجاب ویژن کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام اگلے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے جس کے تحت روزانہ جمع ہونے والے کوڑے کو ری سائیکل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پنجاب میں کوڑے سے 150 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے لاہور سے پائلٹ پراجیکٹ کے آغاز کی ہدایت کی ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ لکھو ڈیر ڈمپنگ سائٹ کے ویسٹ کی ماحول دوست طریقے سے ری سائیکلنگ کی جائے گی۔

لکھوڈیر کے قریب ہی سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں ویسٹ سے 50 میگاواٹ بجلی کا پلانٹ لگایا جائے گا۔ روزانہ 3 ہزار ٹن ویسٹ اتنی بجلی پیدا کرنے کے لئے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ غیرملکی کمپنیوں نے انرجی پلانٹ لگانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ پراجیکٹ سے 50 ارب روپے کی بیرونی سرمایہ کاری کا متوقع ہے صوبائی وزیر نے محکمہ توانائی کو پنجاب حکومت کے زیرانتظام پلانٹ لگانے کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام سے اب تک روزگار کے لاکھوں بالواسطہ اور بلاواسطہ مواقع پیدا ہوچکے ہیں۔ خطے کا یہ اچھوتا پروگرام مستقبل میں بھی ایسے مواقع پیدا کرتا رہے گا۔ جاپان جیسے ترقی یافتہ ملک کی قیادت نے بھی ستھرا پنجاب کی زبردست تحسین کی ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور اور سیالکوٹ میں بھی ویسٹ ٹو انرجی کا زبردست پوٹینشل موجود ہے جو مرحلہ وار بروئے کار لایا جائے گا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت دنیا بھر میں ویسٹ ٹو انرجی کے 1200 پلانٹ موجود ہیں۔ صرف چین میں گیارہ ہزار واٹ کے 300 پلانٹ لگے جبکہ مزید 800 زیرتعمیر ہیں۔ پنجاب میں روزانہ پچاس ہزار ٹن ویسٹ جمع ہوتا ہے جو ری سائیکلنگ کے ذریعے ایک اثاثہ ثابت ہوسکتا ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار ویسٹ ٹو انرجی کا پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے سیکرٹری انرجی کو جاپان ماڈل پر انرجی پلانٹ کا ماحول دوست ڈیزائن بنانے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ لاہور کے ساتھ دیگر چھ شہروں میں بھی انرجی پلانٹ لگانے کا جائزہ لیں گے۔ سیکرٹری انرجی ڈاکٹر فرخ نوید نے کہا کہ غیرملکی کمپنیوں کی پری کوالیفیکیشن کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔