گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی "ہینڈ ان ہینڈ" انٹرنیشنل کی سربراہ کرس بنز سے ملاقات

ہفتہ 23 اگست 2025 20:40

برسلزـ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے "ہینڈ ان ہینڈ" انٹرنیشنل کی سربراہ کرس بنز سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر تبادلہ خیال کیا۔ہفتہ کو برسلز میں پاکستانی قونصل خانہ سے جاری بیان کے مطابق گورنر نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب، کلاؤڈ برسٹ اور دیگر قدرتی آفات کا سامنا کر رہا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عالمی برادری اور فلاحی اداروں کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی جس پر کرس بنز کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ـ گورنر خیبر پختونخوا نے آگاہ کیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ملک ہے، ان تبدیلیوں میں ہمارا کردار نہ ہونے کے برابر ہےـ ۔

(جاری ہے)

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بادل پھٹنے کے واقعات سے خیبر پختونخوا میں چار سو سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں- گورنر نے کہا کہ ہلال احمر کے سربراہ کی حیثیت سے یقین دلاتا ہوں کہ عالمی امداد کو مستحقین تک پہنچایا جائے گا۔ کرس بنز نے کہا کہ حکومت پاکستان جس تعاون کی خواہاں ہے ہم فراہم کرنے کو تیار ہیں، ہینڈ ان ہینڈ انٹرنیشنل نے ماضی میں سیلاب اور زلزلہ متاثرین کیلئے بہترین خدمات انجام دیں ۔

ـ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان میں خدمات پر ہینڈ ان ہینڈ کے شکر گزار ہیں ـ۔ کرس بنز نے کہا کہ پاکستان کا موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے مقدمہ بہت مضبوط ہے، عالمی اداروں کو پاکستان کی امداد کیلئے آگے آنا چاہئے۔ـ فیصل کریم کنڈی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے پر بھی کرس بنز کا شکریہ ادا کیا اور کرس بنز کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔