گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کشمیرکونسل یورپ کے برسلز میں واقع مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ

ہفتہ 23 اگست 2025 22:50

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گذشتہ روز کشمیرکونسل یورپ کے برسلز میں واقع مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور یورپ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید اور ان کی ٹیم کی جاری کوششوں کو قابل ستائش قرار دیا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو برسلز سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر انہوں نے مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کے حقوق کو یورپ کے اعلیٰ ایوانوں اور یورپی حکام میں پیش کرنے اور اس سلسلے میں یورپ بھر میں آگاہی مہم چلانے کے لیے چیئرمین کشمیرکونسل یورپ علی رضا سید اور سینئر کشمیری رہنماء سردار صدیق احمد خان کو تعریفی شیلڈز پیش کیں۔

علاوہ ازیں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دورہ بیلجیئم کے دوران پاکستان ہاؤس کا بھی دورہ کیا جہاں یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے گورنر خیبر پختونخوا کا خیر مقدم کیا۔اس موقع پرگورنر فیصل کریم کنڈی نے پاکستانی کمیونٹی کیلئے سفارت خانہ پاکستان کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے سفارتخانہ میں موجود مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے-