ایئرچیف مارشل سے ایتھوپیا کی فضائیہ کے کمانڈر کی ملاقات،عسکری تعاون کے فروغ کا عز

جمعرات 28 اگست 2025 13:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ایتھوپیا کی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل یلمہ مرداسا نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی،ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال اور دونوں فضائی افواج کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے چاق چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مشترکہ تربیتی پروگرامز کے ذریعے دونوں فضائی افواج کے درمیان عسکری شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایتھوپین فضائیہ کو پیشہ ورانہ میدان میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تربیت، صلاحیت سازی اور آپریشنل شعبوں میں ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل یلمہ مرداسا نے پاکستان آمد پر شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری، جدید ملٹی ڈومین صلاحیتوں اور موثر دفاعی حکمت عملی کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ ایتھوپین فضائیہ، پاک فضائیہ کے جنگی تجربات، مربوط کمانڈ سسٹمز اور ٹیکنالوجی میں جدت سے سیکھ کر اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کی خواہاں ہے۔

دورے کے دوران معزز مہمان کو نیشنل آئی ایس آر اور انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پاک فضائیہ سائبر کمانڈ کا دورہ بھی کرایا گیا،جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کی جدید ٹیکنالوجی اور جدید جنگی نظام میں مہارت کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل یلمہ مرداسا کا یہ دورہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے، باہمی اشتراک اور دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کی مشترکہ کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔