امریکہ کا مختلف کیٹیگریز میں ویزہ مدت محدود کرنے کا فیصلہ

قانون منظور ہوا تو غیرملکی طلبہ کا قیام سٹڈی پروگرام کی مدت تک محدود ہوگا اور غیر ملکی طلباء 4 سال سے زیادہ امریکہ میں نہیں رہ سکیں گے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 اگست 2025 13:00

امریکہ کا مختلف کیٹیگریز میں ویزہ مدت محدود کرنے کا فیصلہ
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اگست 2025ء ) امریکہ نے مختلف کیٹیگریز میں ویزہ مدت محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے کئی کیٹیگریز میں ویزہ مدت محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے، غیرملکی طلباء اور صحافیوں کے ویزہ کی مدت محدود کی جائے گی۔ محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ 1978ء سے ایف ویزہ کے حامل غیرملکی طلباء کو لامتناہی وقت تک قیام کی اجازت تھی، طلباء و دیگر کو لامتناہی قیام کی اجازت سے امریکی شہریوں کو نقصان ہوا، قانون منظور ہوا تو غیرملکی طلبہ کا قیام سٹڈی پروگرام کی مدت تک محدود ہوگا اور غیر ملکی طلباء 4 سال سے زیادہ امریکہ میں نہیں رہ سکیں گے، اسی طرح غیر ملکی میڈیا کے نمائندے ابتدائی طور پر 240 روز تک امریکہ میں قیام کرسکیں گے، اس کے علاوہ غیرملکی طلباء اور میڈیا نمائندگان کو ریگولر جانچ پڑتال سے بھی گزرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ امریکی حکومت نے قلیل مدت کیلئے امریکہ کا سفر کرنے والے غیر ملکیوں کیلئے پالیسی بھی مزید سخت کر دی ہے، سیاحتی اور کاروباری ویزے پر امریکہ کا سفر کرنے کے خواہش مند افراد کو اب بھاری رقم بطور زر ضمانت جمع کروانا ہو گی، امریکی محکمہ خارجہ نے ایک سال کا پائلٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت سیاحتی اور کاروباری ویزہ لینے والے درخواست گزاروں کیلئے امریکہ میں داخل ہونے سے پہلے 15 ہزار ڈالر تک زرضمانت ضمانت جمع کروانا لازمی قرار دیا جائے گا کیوں کہ امریکا کی ٹرمپ حکومت امریکا کس سفر کرنے کے خواہش مند غیر ملکیوں کیلئے قواعد و ضوابط سخت کررہی ہے، امریکی محکمہ خارجہ نے نئی پائلٹ پالیسی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ویزا درخواست دہندگان سے 15 ہزار ڈالر تک زرضمانت لینے کی تجویز ہے، اس پالیسی کے نفاذ سے امریکہ آنے کے خواہش مند غیر ملکیوں کیلئے امریکی ویزے کا حصول مشکل اور مہنگا ہو جائے گا۔