ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مرادکا اسپنسر آئی اسپتال کا دورہ

جمعرات 28 اگست 2025 23:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے جمعرات کے روز بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپنسر آئی اسپتال کا دورہ کیا اور اسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا، ڈپٹی میئر کراچی نے اسپنسر آئی اسپتال میں مختلف شعبوں اور وارڈز کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامی افسران کو ضروری ہدایات دیں اور مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے ملاقات کی، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے اس موقع پر کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے بجٹ کا بڑا حصہ شہریوں کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کرتی ہے اور اسی لئے کے ایم سی کے زیرانتظام اسپتالوں کو بہتر سہولیات سے آراستہ کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اسپنسر آئی اسپتال کراچی کا قدیم اور بہترین اسپتال ہے جہاں امراض چشم سے متاثرہ مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے اور روزانہ بڑی تعداد میں مریض علاج کے لئے اس اسپتال آتے ہیں، اسپنسر آئی اسپتال کے شعبہ او پی ڈی ، آپریشن تھیٹر اور دیگر اہم حصوں کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ اسپتال آنے والے مریضوں کو بہتر علاج کی سہولیات فراہم کی جاسکیں، اس موقع پر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز بلدیہ عظمیٰ کراچی ڈاکٹر مہوش میٹھانی،اسپنسر آئی اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اشفاق احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔