Live Updates

مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ،نیاز خاصخیلی

جمعرات 28 اگست 2025 23:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر سرائی نیاز حسین خاصخیلی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ق) آج بھی ملک کی نظریاتی اور عوامی خدمت کی جماعت ہے، جو مفاد پرست سیاست اور موقع پرستی کے کلچر کو یکسر مسترد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ ان سیاسی قوتوں کو اچھی طرح پہچانتے ہیں جو صرف اپنے ذاتی مفادات کے لیے اتحاد بناتے اور توڑتے ہیں۔

یہ باتیں انہوں نے پارٹی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر ان کے ہمراہ قائم مقام صوبائی جنرل سیکریٹری رمیز منظور روفی، صوبائی نائب صدر، جوائنٹ سیکریٹریز، وکلاء ونگ، یوتھ ونگ سمیت دیگر عہدیداران و رہنما بھی موجود تھے۔ رہنماؤں نے متفقہ طور پر کہا کہ سندھ میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کو منظم کیا جائے گا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ایک مؤثر سیاسی جدوجہد کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سرائی نیاز حسین خاصخیلی نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، اس لیے مسلم لیگ (ق) سندھ بھر میں رابطہ عوام مہم کا آغاز کرے گی اور ہر ضلع میں تنظیم سازی کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔قائم مقام صوبائی جنرل سیکریٹری رمیز منظور روفی نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے کارکنان سرائی نیاز حسین خاصخیلی کی قیادت میں متحد اور متحرک ہیں اور بہت جلد سندھ کی سیاست میں یہ جماعت ایک مضبوط قوت کے طور پر سامنے آئے گی۔رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات