Live Updates

متاثرین کو تنہا چھوڑ دینا انسانیت کے تقاضوں کے خلاف ہے،شمسہ مہ جبین

جمعرات 28 اگست 2025 18:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء) صدائے انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کی صدر شمسہ مہ جبین نے کہاہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ سیلابی صورتحال نے ہزاروں خاندانوں کو متاثر کیا ہے، مکانات تباہ ہوگئے، کھڑی فصلیں برباد ہوئیں اور لاکھوں افراد کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، ایسے وقت میں متاثرین کو تنہا چھوڑ دینا انسانیت کے تقاضوں کے خلاف ہے، اس لیے ہم سب کو آگے بڑھ کر ان کے ساتھ عملی تعاون کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات میں سب سے زیادہ نقصان غریب اور محروم طبقات کو ہوتا ہے، جن کے پاس نہ محفوظ رہائش ہوتی ہے نہ ہی اپنی زندگی کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے وسائل، یہی وجہ ہے کہ فلاحی اداروں، سماجی تنظیموں اور صاحب استطاعت افراد پر دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ متاثرین کی فوری مدد کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

شمسہ مہ جبین نے مزید کہا کہ ملک کے مختلف شہروں میں رضا کار متحرک ہوجائیں اورمتاثرہ علاقوں تک خیمے، خشک راشن، پینے کا صاف پانی، ادویات اور بچوں کے لیے دودھ پہنچانے کی سرگرمیوں میں مصروف رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تنظیم نے ہنگامی بنیادوں پر ایک خصوصی ریلیف فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ وسائل متاثرین تک پہنچائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے مخیر حضرات کو آگے بڑھ کر اپنے بھائی بہنوں کی مدد کرنی چاہئے کیونکہ یہی وہ وقت ہے جب حقیقی معنوں میں انسانیت کا امتحان ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اقدامات اپنی جگہ لیکن اتنے بڑے پیمانے پر تباہی کے بعد صرف سرکاری وسائل پر انحصار نہیں کیا جا سکتا، اس مقصد کے لیے عوامی تعاون اور رضاکارانہ جذبے کی ضرورت ہے، ہر شخص کو چاہئے کہ اپنی استطاعت کے مطابق امدادی سامان فراہم کرے، چاہے وہ کھانے کی اشیاء ہوں یا ادویات، کپڑے ہوں یا پینے کا صاف پانی، چھوٹے سے چھوٹا تعاون بھی متاثرین کے لیے بڑی سہولت بن سکتا ہے۔

شمسہ مہ جبین نے کہا کہ صدائے انسانیت سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن اس مشکل وقت میں قوم کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ متاثرہ خاندانوں کو یہ صبر آزما مرحلہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ان کا کہنا تھا کہ اجتماعی دعائیں، ایثار اور بھائی چارے کا جذبہ ہی ہمیں اس کڑی آزمائش سے نکال سکتا ہے، انہوں نے مخیر حضرات، فلاحی اداروں اور عام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آزمائش کی اس گھڑی میں متحد ہوکر متاثرین کی بھرپور مدد کریں تاکہ وہ دوبارہ اپنی زندگی کو سنبھال سکیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات