قائمہ کمیٹی مواصلات کی ذیلی کمیٹی نے چینی کمپنی این ایکس سی سی کو بلیک لسٹ کرنے کی سفارش کردی

جمعرات 28 اگست 2025 18:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)قائمہ کمیٹی مواصلات کی ذیلی کمیٹی نے چینی کمپنی ننجا کمیونیکیشن کنسٹرکشن (این ایکس سی سی) سمیت مقامی شراکت داروں کو بلیک لسٹ کرنے کی سفارش کردی۔سینیٹر کامل علی آغا کی زیرِ صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ ای) کی جانب سے بلیک لسٹ کمپنی کو ٹھیکہ دیے جانے کے معاملے پر غور آیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر، سیکریٹری اور چیئرمین این ایچ اے کی عدم شرکت پر کمیٹی نے برہمی کا اظہار کیا، کمیٹی ارکان نے کہا کہ چینی فرم این ایکس سی سی کی بڈ جعلی ہے، کمیٹی نے کمپنی کے خلاف ایکشن لینے کی سفارش کردی۔اس موقع پر سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ سیکریٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے بھی اس معاملے میں ذمہ دار ہیں، ذیلی کمیٹی نے این ایچ اے کو این ایکس سی سی اور مقامی شراکت داروں کو ٹیکس سے استثنیٰ دینے کا نوٹس لینے کی سفارش کردی۔

(جاری ہے)

سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ این ایکس سی سی حکومت پاکستان کی تضحیک کر رہی ہے۔چیئرمین کمیٹی سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ این ایچ اے کے ہاتھ صاف ہیں تو کمپنی کے خلاف ایکشن لیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ این ایچ اے کی ذمہ داری ہے کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنائیں۔