بیرسٹر گوہر کا چار قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ کا اعلان

جمعرات 28 اگست 2025 20:08

بیرسٹر گوہر کا چار قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ کا اعلان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2025ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ انہوں نے قومی اسمبلی کی چار قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے ہر ممکن کوشش کی کہ سسٹم کا حصہ رہیں اور جمہوری عمل چلتا رہے، لیکن موجودہ حالات میں یہ ممکن نہ ہو سکا۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ابھی بھی دیر نہیں ہوئی، بات چیت ہونی چاہیے، یہی سیاسی عمل اور سیاست کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ فی الوقت کسی سے مذاکرات نہیں ہو رہے تاہم مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے ہی نکل سکتا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کے پاس قومی اسمبلی میں 180 نشستیں تھیں اور خیبرپختونخوا میں دو تہائی اکثریت حاصل تھی، لیکن پارٹی کو سخت سیاسی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کو شہید کیا گیا اور بانی پی ٹی آئی کو ناحق قید میں رکھا گیا۔بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت ہم سب نے ہمیشہ مذاکرات پر زور دیا اور آج بھی ہمارا موقف یہی ہے کہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت کا دروازہ کھلا رہنا چاہیے۔