سانحہ الآمنہ پلازہ کے متاثرین کے مالی نقصان کا ازالہ اور شہداکے ورثاکو معاوضہ دیا جائے،شیخ الحدیث مولانا نور الحق

جے یو آئی ضلع جنوبی وفد کا الآمنہ پلازہ کا دورہ،متاثرہ دکانداروں اور تاجروں سے ملاقات، متاثرین کو جے یو آئی قیادت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی

جمعرات 28 اگست 2025 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)جمعیت علمااسلام ضلع جنوبی کراچی کے وفد نے امیر ضلع شیخ الحدیث مولانا نور الحق کی قیادت میں الآمنہ پلازہ سرجیکل مارکیٹ ایم اے جناح روڈ کا دورہ کیااورپٹاخوں کے گودام میں دھماکے سے متاثرہ دکانداروں سے ملاقات کی، چند روزپہلے پٹاخوں کے گودام میں دھماکہ کے نتیجے میں 11افراد شہید اور 34زخمی ہوئے تھے،وفد نے متاثرہ دکانداروں اور تاجروں سے ملاقات کی، شہداکے لواحقین سے دلی تعزیت کی اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی۔

مولانا نورالحق نے اس سانحے میں ہونے والے جانی ومالی نقصان پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین کو جے یوآئی قیادت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔جے یوآئی وفد میں وفد میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا مولانا نصیر اللہ، یو سی 9 کے امیرصدرٹائئون کے نائب امیرعبید الرحمن قریشی ، نائب امیر جنوبی وسیکرٹری اطلاعات ونشریات صدرٹائون مولانا عبدالوکیل اورقاری حسین احمد شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمولانا نور الحق نے کہا کہ سانحہ الآمنہ پلازہ پر حکومتی بے حسی افسوسناک ہے، سانحہ کے زخمیوں کے علاج کا فوری بندوبست کیا جائے ،دکانداروں اور تاجروں کے کروڑوں روپے کے نقصان کا ازالہ کیا جائے،شہداکے لواحقین کے لیے حکومتی سطح پرمعقول معاوضہ دیا جائے،گرائونڈ پلس ٹو الآمنہ پلازہ میں 300سے زائد دکانیں اور دفاتر قائم ہیں، دھماکوں سے بیشتر دکانیں متاثر ہوچکی ہیں،بچے کچے دکانداروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بندکیاجائے۔