قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کا اجلاس، کمیٹی ممبران کی چیئرمین کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد

جمعرات 28 اگست 2025 23:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کا 5واں اجلاس جمعرات کو یہاں سید رفیع اللہ ایم این اے کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کے آغاز میں کمیٹی ممبران نے چیئرمین کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں دو مثبت فیصلے کیے گئے جس میں کمیٹی کے چیئرمین نے اعلان کیا کہ ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن(ای او بی آئی) ملازمین یا پنشنرز کسی بھی مسئلے کی صورت میں کمیٹی سے رجوع کر سکتے ہیں، کمیٹی ایسے معاملات پر فوری کارروائی کرے گی۔

چیئرمین کمیٹی کی ہدایات کے مطابق ای او بی آئی حکام نے پنشنرز کو پنشن جاری کرنے کا عزم کیا اور کمیٹی کو یقین دلایا ہے کہ یکم جنوری 2025 سے پنشن 10,000 روپے سے بڑھا کر 11,500 روپے کر دی گئی ہے اور یکم ستمبر 2025 کو تمام بقایا جات کے ساتھ ادائیگی کر دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ای او بی آئی کے قائم مقام چیئرمین نے کمیٹی کو ادارے کی مجموعی کارکردگی، ساخت اور آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی۔

بریفنگ میں پاکستان کے سماجی تحفظ کے فریم ورک، ای او بی آئی  کے تنظیمی سیٹ اپ، شراکت کے طریقہ کار اور ای او بی آئی  ایکٹ 1976 کے تحت فراہم کردہ فوائد کا احاطہ کیا گیا۔ کمیٹی کو جاری و مکمل ہونے والے منصوبوں، پنشن کی تقسیم، فنڈ کی وصولی اور استعمال اور اہم ادارہ جاتی چیلنجوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں اراکین نے تنقیدی سوالات اٹھائے اور خدمات کی فراہمی اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے سفارشات اور ہدایات دیں۔

  اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی میاں خان بگٹی، ذوالفقار علی بیہان، محترمہ سعیدہ جمشید، محترمہ ارم حامد، محترمہ تمکین اختر نیازی، فتح اللہ خان، ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو، فرحان چشتی، محترمہ صوفیہ سعید اور چوہدری محمد الیاس نی شرکت کی جبکہ ای او بی آئی، وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل کے حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔