اسلام آباد میں پاکستان انڈیپینڈنس ڈے نیشنل رینکنگ ٹینس ٹورنامنٹ 2025 شاندار انداز میں اختتام پذیر

جمعرات 28 اگست 2025 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2025ء) اسلام آباد میں پاکستان انڈیپینڈنس ڈے نیشنل رینکنگ ٹینس ٹورنامنٹ 2025 شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوگیا۔ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں منعقدہ فائنلز میں ملک کے نامور کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں اہم شخصیات اور بڑی تعداد میں شائقین شریک ہوئے۔

اسلام آباد کے پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں پاکستان انڈیپینڈنس ڈے نیشنل رینکنگ ٹینس ٹورنامنٹ 2025 کا کامیاب انعقاد ہوا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکریٹری انٹر پروونشل کوآرڈینیشن محی الدین احمد وانی تھے جبکہ صدر پی ٹی ایف اور پاکستان کے اسٹار کھلاڑی اعصام الحق قریشی مہمانِ اعزاز کے طور پر شریک ہوئے۔ تقریب میں سیکریٹری جنرل پی ٹی ایف کرنل ضیاء الدین طفیل کے علاوہ میجر سلیمان جنید، خواجہ سہیل، سعید احمد خان اور کرنل گل رحمان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

بڑی تعداد میں ٹینس کے مداح، سابق کھلاڑی، کوچز اور والدین نے بھی شرکت کی۔ مہمانوں نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ نوجوان ٹینس پلیئرز کی شاندار کارکردگی پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔ مینز سنگلز کے فائنل میں سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا جہاں مزمل مرتضیٰ نے سخت جدوجہد کے بعد تجربہ کار عقیل خان کو پہلے سیٹ میں ٹائی بریک پر 6-7(2) کے اسکور کے بعد ریٹائرڈ ہرایا۔

مینز ڈبلز فائنل میں اسٹار کھلاڑی اعصام الحق قریشی اور عقیل خان کی جوڑی نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے برکت اللہ اور یوسف خلیل کو 4-6، 6-2 اور 10-8 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ لیڈیز سنگلز فائنل میں تجربہ کار کھلاڑی عشنا سہیل نے بھرپور کارکردگی دکھائی اور شیزا ساجد کو یکطرفہ مقابلے میں 6-1 اور 6-2 سے ہرا کر چیمپئن بن گئیں۔ جونیئر ایونٹس میں بھی نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا۔

بوائز انڈر 18 فائنل میں حمزہ رومن نے عبدالباسط کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-0، 6-2 سے شکست دی۔ گرلز انڈر 18 میں زنايشہ نور نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سہاء علی کو 6-1 اور 6-4 سے مات دی۔ بوائز انڈر 14 میں رذیق سلطان نے محمد معاذ کو 6-1، 6-2 سے ہرا دیا، جبکہ گرلز انڈر 14 میں بسمال ضیا نے ایمان ریحان کو 6-3، 6-1 سے شکست دی۔ بوائز انڈر 12 فائنل میں محمد ایان نے سخت مقابلے کے بعد محمد معاذ کو 6-3، 6-4 سے ہرایا۔ اسی ایونٹ کی گرلز کیٹیگری میں خدیجہ خلیل نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ایمان شہباز کو 6-1، 6-3 سے شکست دی۔