متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کی پاکستانی مصور شہزاد حسن غازی کے فن پاروں کی نمائش کی افتتاحی تقریب میں شرکت

جمعہ 29 اگست 2025 00:30

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے پاکستانی مصور شہزاد حسن غازی کے فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کیا، جس کا عنوان "گریس بمقابلہ طاقت" (Grace Versus Strength) تھا۔ یہ نمائش لیلا ہیلر گیلری دبئی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر ترمذی نے کہا کہ خلیج کی سب سے بڑی آرٹ گیلری میں ایک پاکستانی مصور کے فن پاروں کی نمائش انتہائی باعث مسرت ہے۔

مجھے پختہ یقین ہے کہ فن، ثقافت، موسیقی اور روایتی کھانے ہمارے قومی ورثہ کی پہچان ہیں۔ پاکستان کے شاندار فنکارانہ ورثے پر روشنی ڈالتے ہوئے، سفیر نے افسانوی مصوروں جیسے صادقین، استاد اللہ بخش، عبدالرحمن چغتائی، زبیدہ آغا اور شاکر علی کا حوالہ دیا اور کہا کہ مجھے فخر ہے کہ شہزاد حسن غازی کے تخلیقی کام کو ایران، امریکہ اور دیگر ممالک کے نامور بین الاقوامی مصوروں کے فن پاروں کے ساتھ نمائش کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

مغل اور جدید فن کا امتزاج واقعی قابل تعریف ہے۔ نمائش میں فن کے شائقین، بشمول اماراتی، غیر ملکی شہریوں اور پاکستانی برادری کے اراکین کی جانب سے نمائش میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر مصور شہزاد حسن غازی نے کہا کہ سفیر کی موجودگی میرے لیے باعث اعزاز ہے۔ میں پاکستان کے مایہ ناز مصوروں سے رہنمائی لیتا رہوں گا اور فن کے ذریعے اپنے ملک کی نرم اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی کوشش جاری رکھوں گا۔" تقریب میں متحدہ عرب امارات میں مقیم سفارت کاروں، فن محبوں اور پاکستانی برادری کے اراکین نے بھی شرکت کی ۔