ہیٹی کو تشدد اور انسانی بحران سے نکالنے کے لیے فوری عالمی مدد دی جائے، اقوام متحدہ میں پاکستان کا مطالبہ

جمعہ 29 اگست 2025 14:10

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہیٹی میں بگڑتی ہوئی سلامتی اور انسانی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اور مؤثر تعاون کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ملک میں امن و استحکام بحال ہو اور ایک ہیٹی کی قیادت میں سیاسی عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے ہیٹی کی صورتحال پر ہونے والی بحث کے دوران کہا کہ ہیٹی اس وقت غیر معمولی بحرانحکومت کا زوال، مسلح جرائم پیشہ گروہوں کا غلبہ، اور گہری انسانی ہنگامی صورتحال سے دوچار ہے۔

سفیر عاصم افتخار نے زور دیا کہ صورتحال کا حل مضبوط ریاستی اداروں کی تشکیل میں ہے، جن میں پولیس، عدلیہ اور گورننس کے ڈھانچے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلح گروہوں کا خاتمہ اور بچوں کو جبری بھرتی سے بچانا لازمی ہے۔سفیر عاصم افتخار نے زور دیا کہ ہیٹی کے عبوری صدارتی کونسل کو قومی مفاد میں متحد ہو کر قیادت دکھانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن ہیٹی کی قیادت میں ممکن ہے، جس کے لیے عالمی برادری کی مستقل حمایت ناگزیر ہے۔

انہوں نے کینیا کی سربراہی میں ملٹی نیشنل سکیورٹی سپورٹ مشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ اس مشن کی مکمل حمایت کرے۔انہوں نے کہاکہ ہیٹی کے عوام کو امن، وقار، اور خوف و افلاس سے پاک زندگی کا حق حاصل ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا۔ انہوں نے باور کرایاکہ یہ بین الاقوامی برادری کے عزم کا امتحان ہے۔