مقبوضہ کشمیر، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 34ہندو یاتریوں کی ہلاکت کیخلا ف احتجاجی مظاہرہ

اگر قابض حکام محکمہ موسمیات کے انتباہ پر عمل درآمد کرتے تویقینا اس سانحے سے بچا جا سکتا تھا

جمعہ 29 اگست 2025 14:25

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں وشنو دیوی یاترا کے بیس کیمپ کٹرا میں گزشتہ منگل کو لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 34ہندویاتریوں کی ہلاکت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیاگیا اور علاقے میںجاری تعمیراتی سرگرمیوں کو یاتریوں کی ہلاکت کا باعث قراردیاگیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقامی دکانداروں اور تاجروں سمیت مظاہرین نے ویشنو دیوی شرائن بورڈکے شدیدخلاف نعرے بازی کی ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اگر قابض حکام محکمہ موسمیات کے انتباہ پر عمل درآمد کرتے تو اس سانحے سے بچا جا سکتا تھا۔ انہوں نے واقعے کی تحقیقات اورلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، جو ہندو شرائن بورڈ کے چیئرمین ہیں کو جوابدہ ٹھہرانے کا مطالبہ کیا۔ویشنو دیوی سنگھرش سمیتی کے چیئرمین بالی رام رانا نے دعویٰ کیا کہ علاقے میں جاری تعمیراتی کاموں سے قدرتی ماحول بڑے پیمانے پر متاثر ہو اہے جس کے باعث لینڈ سلائیڈنگ میں یاتری ہلاک ہو ئے ۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ یاتریوں کی ہلاکت کا ذمہ دارشرائن بورڈ ہے ۔ سنگھرش سمیتی نے قبل ازیں کٹرا سے سنجی چھٹ تک روپ وے بنانے کے شرائن بورڈ کے منصوبوں کی مخالفت کی تھی اور خبردار کیا تھا کہ اس سے پہاڑوں کو نقصان پہنچے گا۔