جاز نے الٹرا ایچ ڈی نشریات سے لطف اندوز ہونے کے لیے نیا سبسکرپشن پلان ’’تماشا پرو‘‘ متعارف کروا دیا

جمعہ 29 اگست 2025 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) جاز کے زیرِ انتظام ڈیجیٹل انٹرٹینمنٹ پلیٹ فارم تماشانے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا سبسکرپشن پلان ’’تماشا پرو‘‘ متعارف کرایا ہے، جو خصوصی مواد، الٹرا ایچ ڈی کوالٹی اور اشتہارات سے پاک دیکھنے کا تجربہ فراہم کرے گا۔جمعہ کوجاری بیان کے مطابق تماشاپرو کے ذریعے صارفین کو ملکی و علاقائی چینلز کے ساتھ ساتھ مشہور ہالی وڈ فلموں تک رسائی ملے گی۔

اس سبسکرپشن کی سب سے بڑی پیشکش انگلش پریمیئر لیگ 2025-26 کی لائیو کوریج ہے، جس کے ذریعے شائقین اپنے پسندیدہ کلبوں کے میچز براہِ راست دیکھ سکیں گے۔اس کے علاوہ صارفین آئندہ اہم کرکٹ ٹورنامنٹس بھی الٹرا ایچ ڈی میں بغیر کسی اشتہار کے دیکھ سکیں گے، تاکہ دیکھنے کا تجربہ مکمل طور پر رواں اور پرلطف ہو۔

(جاری ہے)

جاز کے صدر برائے ڈیجیٹل عامر اعجاز نے اس موقع پر کہاکہ تماشا پرو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم پاکستان کے ناظرین کو عالمی معیار کی تفریح اور کھیلوں کی سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

الٹرا ایچ ڈی، اشتہارات سے پاک اسٹریمنگ اور پریمیئر لیگ جیسے بڑے ایونٹس تک رسائی کے ساتھ ہم شائقین کے دیکھنے کے انداز کو نئے سرے سے تشکیل دے رہے ہیں۔اپنے آغاز کے بعد سے تماشاپاکستان میں ڈیجیٹل تفریح کا سب سے مقبول پلیٹ فارم بن چکا ہے، جو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی، ویمبلڈن، اولمپکس اور بڑے کرکٹ ٹورنامنٹس جیسے عالمی مقابلے نشر کر چکا ہے۔

یہ ایپ اینڈرائیڈ، آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ٹی وی پر دستیاب ہے اور مسلسل صارفین کے لیے نئی سہولیات پیش کر رہی ہے۔تماشا پرو کے ذریعے اب 90 سے زائد لائیو ٹی وی چینلز، پاکستانی و غیر ملکی فلمیں، ویب سیریز اور شارٹ کنٹینٹ بھی دستیاب ہوں گے۔ صرف 2024 میں تماشا پر 12.5 ارب منٹ کا مواد دیکھا گیا اور 250 دن کی لائیو اسٹریمنگ ہوئی۔ اس نئے پریمیم پلان کے ساتھ تماشا ملک بھر کے صارفین کے لیے مزید بہتر سٹریمنگ تجربہ فراہم کرے گا۔