پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا کو راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کا اضافی چارج تفویض

جمعہ 29 اگست 2025 17:21

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا وائس چانسلر فاطمہ جناح یونیورسٹی کوراولپنڈی ویمن یونیورسٹی کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ ذمہ داری تین ماہ کے لیے یا مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی تک برقرار رہے گی۔پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار ماہرِ تعلیم ہیں۔

وہ اس سے قبل لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف کیمبرج، برطانیہ سے پلانٹ مالیکیولر بایولوجی میں پی ایچ ڈی اور یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائنا، امریکہ سے پوسٹ ڈاکٹورل ریسرچ کر رکھی ہے۔ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے لیے باعثِ فخر ہے کہ ڈاکٹر بشریٰ مرزا اسی ادارےکی فارغ التحصیل طالبہ بھی ہیں۔

(جاری ہے)

انہیں علمی و تحقیقی خدمات پر پرائیڈ آف پرفارمنس، تمغۂ امتیاز، پاکستان اکیڈمی آف سائنسز گولڈ میڈل (2008) اور ایچ ای سی بیسٹ ینگ ریسرچ اسکالر ایوارڈ (2009) سمیت کئی قومی و بین الاقوامی اعزازات مل چکے ہیں۔ وہ قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں بطور چیئرپرسن بایوکیمسٹری خدمات انجام دے چکی ہیں اور اس وقت ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی رکن کی حیثیت سے بھی قومی تعلیمی پالیسی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

ان کا وژن ہمیشہ تعلیمی معیار، خواتین کے بااختیار ہونے، تحقیق کے فروغ اور کمیونٹی انگیجمنٹ پر مرکوز رہا ہے۔ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے فیکلٹی اور ایڈمنسٹریٹیٹو ہیڈز نے پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا کو خوش آمدید کہا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کی قیادت میں ادارہ مزید ترقی اور کامیابیوں کی راہ پر گامزن ہوگا۔