خیبرپختونخوا میں آج سے شدید بارشوں کا امکان ، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

جمعہ 29 اگست 2025 17:21

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) خیبرپختونخوا میں آج سے شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 31 اگست تک جاری رہ سکتا ہے جبکہ اس دوران لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ پھر منڈلانے لگا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت چترال، دیر، سوات، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، نوشہرہ، مردان، ڈی آئی خان، ٹانک،کوہاٹ اوربنوں میں بارشیں متوقع ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر آزاد کشمیر میں مظفرآباد، باغ، حویلی،کوٹلی،میرپور اور بھمبر میں بھی آج سے 2 ستمبر کے دوران شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ اسی دوران گلگت بلتستان میں بارشوں کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں آج سے شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ہی گلگت بلتستان میں بھی 29 تا 31 اگست تک بارشوں ، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، گلگت بلتستان کے اضلاع میں گلگت، سکردو، ہنزہ، دیامر، استور، غذر اورگانچھے شامل ہیں۔