نوشہرو فیروز،بھریاروڈ کے قریب گڈز ٹرین کو حادثہ

جمعہ 29 اگست 2025 23:27

نوشہرو فیروز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) بھریاروڈ کے قریب گڈز ٹرین کی 9 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، اپ اور ڈاؤن ٹریک معطل ہوگیا۔ بھریاروڈ کے قریب ایک بڑا ریلوے حادثہ پیش آیا ہے جہاں گڈز ٹرین کی 9 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ ریلوے ذرائع کے مطابق یہ مال بردار ٹرین پنجاب سے کراچی جارہی تھی کہ اچانک حادثے کا شکار ہوگئی۔حادثے کے باعث ڈاؤن ٹریک کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریکس مکمل طور پر بلاک ہوگئے ہیں جس کے نتیجے میں ریلوے ٹریفک بھی معطل ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

متاثرہ ٹرین کے ڈبے مال سے بھرے ہوئے تھے جو پٹڑی سے اترنے کے باعث الٹ گئے اور پٹریاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئیں۔ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، تاہم ابتدائی طور پر ٹریک کی خستہ حالی اور تیز رفتاری کو بھی زیر غور لایا جارہا ہے۔ حادثے کے بعد قریبی اسٹیشنز پر کھڑی مسافر اور مال بردار ٹرینوں کو روک دیا گیا ہے جس کے باعث شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔اطلاع ملتے ہی ریلوے کی امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ پر طلب کرلیا گیا ہے۔\378