آل پاکستان چیف منسٹر کرکٹ گولڈ کپ یکم ستمبر سے کوئٹہ میں شروع ہوگا

پاکستان بھر سے 26ٹیمیں حصہ لے رہیں، ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ کوئٹہ ریجن اور پشاور کے درمیان کھیلا جائے گا،سیکرٹری کھیل درا بلوچ

جمعہ 29 اگست 2025 23:18

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء) سیکرٹری کھیل درا بلوچ اورڈی جی سپورٹس یاسر بازئی نے کہا ہے کہ آل پاکستان چیف منسٹر کرکٹ گولڈ کپ یکم ستمبر سے کوئٹہ میں شروع ہورہا ہے جس میں پاکستان بھر سے 27ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ کوئٹہ ریجن اور پشاور کے درمیان پیر کو شام 7بجے بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم کھیلا جائے گا ،ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کیلئے کرکٹ ٹیمیں کوئٹہ پہنچنا شروع ہوگئی ہیں جنہیں ہرممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے ۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان کرکٹ گولڈ کپ ٹورنامنٹ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں محکمہ کھیل کے افسران نے ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے بارے میں سیکرٹری اور ڈی جی سپورٹس کو بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سپورٹس درا بلوچ نے کہا کہ دوسرے آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان کرکٹ گولڈ کپ یکم ستمبر سے 14ستمبرتک کوئٹہ میں جاری رہے گا جس میں پورے پاکستان سے 27ٹیمیں شریک ہوں گی جن میں 16ریجنل ٹیموں کی شمولیت کے ساتھ کوئٹہ کے مختلف گراونڈز میں میچز کھیلے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ سی ایم کرکٹ گولڈ کپ کا شاندار آغاز رنگا رنگ تقریب اورمیوزیکل شو سے ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کو رہائش ، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ٹورنامنٹ کے انتظامات کے لئے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو تمام معاملات کو دیکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ، مشیر کھیل مینا مجید کی خصوصی ہدایت پر نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے کیلئے محکمہ کھیل بلوچستان مختلف ٹورنامنٹ کا انعقاد کر رہا ہے جس سے نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا اور شائقین کو بہترین میچ دیکھنے کو ملیں گے۔

ڈی جی سپورٹس یاسر بازئی نے کہا کہ گرمی کی وجہ سے ٹورنامنٹ کے میچز رات کے وقت ہونگے جس کیلئے گراونڈ میں فلڈ لائٹس نصب کردی گئی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ یکم ستمبر پیر کو شام سات بجے بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم کوئٹہ میں کوئٹہ ریجن اور پشاور کے درمیان کھیلا جائے گا ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں اور گراونڈ میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں ۔