Live Updates

پی ڈی ایم اے کی اسلام آباد اور راولپنڈی میں مون سون کے 9 ویں اسپیل کی پیش گوئی

جمعہ 29 اگست 2025 22:07

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اگست2025ء) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں مون سون کے 9ویں اسپیل کی پیش گوئی کرتے ہوئے 2 سے 5 ستمبر تک موسلا دھار بارش اور اربن فلڈنگ کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ اس تناظر میں جڑواں شہروں کی انتظامیہ نے پیشگی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق واسا نے اپنے عملے کی تمام چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں جبکہ واسا، میونسپل کارپوریشن، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی)، ریسکیو 1122 اور شہری دفاع سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ سیلابی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ اس سلسلے میں کمشنر راولپنڈی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر، ایم ڈی واسا، ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مون سون کے 9ویں اسپیل سے قبل حفاظتی انتظامات اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ضلعی حکام نے نالہ لئی اور دیگر نشیبی علاقوں کا دورہ بھی کیا تاکہ ممکنہ خطرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات