عوام کو مجرموں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، کاشف سعید شیخ

جمعہ 29 اگست 2025 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)امیر جماعت اسلامی سندھ، کاشف سعید شیخ نے لاڑکانہ کے علاقے ذوالفقار باغ حیدری باغ تھانے کی حدود میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات کے دوران 18 سالہ نوجوان احمد علی بھٹی کو مزاحمت پر قتل کیے جانے اور اس صدمے میں اس کے کزن معراج بھٹی کی وفات پر ان کے ورثا سے تعزیت کی انہوں نے مرحومین کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ضلعی امیر ایڈووکیٹ نادر علی کھوسو، قاری ابو زبیر جکھرو، مقامی امیر رمیز راجہ شیخ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔کاشف سعید شیخ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ دن دیہاڑے شہر کے گنجان آباد علاقے میں پیش آیا ہے جس سے عوام میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت لاڑکانہ سمیت اپر سندھ کے تمام شہروں میں بدامنی، ڈاکوراج، چوری اور ڈکیتیاں روز کا معمول بن چکی ہیں۔

ہر روز موٹر سائیکل یا قیمتی اشیاء چھیننے کے دوران مزاحمت پر نوجوان قتل ہو رہے ہیں، لیکن بے حس حکمران "سب ٹھیک ہی" کا راگ الاپنے میں مصروف ہیں۔ پولیس حکمران طبقے کو وی آئی پی پروٹوکول دینے اور خوشامد میں مصروف ہے، جبکہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔کرپٹ، نااہل افراد کے اسمبلیوں میں پہنچنے، ڈاکوؤں اور منشیات فروشوں کی سرپرستی اور پولیس کی معاونت کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر سرِعام وارداتیں کر رہے ہیں اور لوگوں کو سڑکوں پر بے دردی سے قتل کر رہے ہیں، لیکن کوئی ان سے پوچھنے والا نہیں۔

جس دن لاڑکانہ میں احمد بھٹی کو قتل کیا گیا، اسی دن قمبر میں ایک اور نوجوان ساگر نوریانی چانڈیو کو بھی قتل اور اس کے چچا زاد عبدالرسول چانڈیو کو زخمی کیا گیا جبکہ ایک دن پہلے لاڑکانہ-موئن جو دڑو روڈ پر مسلح ڈاکوؤں کے ہاتھوں 65 سالہ بزرگ حافظ عبدالقادر سیہڑو اور ان کے 28 سالہ نوجوان بیٹے فاروق سیہڑو کے قتل سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ یہاں کی عوام لاوارث ہو چکی ہے اور حکمران گہری نیند سو رہے ہیں۔

ایک ہفتے میں لاڑکانہ میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں پانچ شہریوں کا قتل، ایس ایس پی لاڑکانہ اور منتخب نمائندوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ پولیس کی لاپرواہی کے باعث بدامنی میں اضافہ ہوا ہے، پولیس سیاسی وڈیروں، وزیروں اور مشیروں کے پروٹوکول میں مصروف ہے، جبکہ عوام کو مجرموں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔روز بروز بڑھتی ہوئی بدامنی، ڈکیتیوں، چوریوں اور قتل و غارت نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی ہر مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اور بے دردی سے قتل کیے گئے نوجوان احمد علی بھٹی کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے بھی ہر فورم پر لواحقین کے ساتھ ملکر بھرپوراحتجاج کریں گے۔