Live Updates

کمشنر ملاکنڈ کی زیر صدارت غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے بارے اجلاس

جمعہ 29 اگست 2025 20:00

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر نے صوبائی حکومت خیبر پختونخوا اور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں غیر قانونی تجاوزات بارے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ریجنل میونسپل آفیسر ملاکنڈ اور نمائیندہ ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ نے شرکت کی جبکہ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز سوات بذریعہ ویڈیولنک شریک ہوئے۔

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے اجلاس کو بتایا کہ حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کی بڑی وجہ دریاوں اور خوڑ وغیرہ میں ہونے والی تجاوزات ہیں جو قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے ضیاع کی ایک بڑی وجہ بنی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کہناتھا کہ گزشتہ چند سالوں سے دریاوں میں غیرقانونی تجاوزات، غیر ذمہ دارانہ انسانی سرگرمیوں نے اسے ایک خطرناک صورتحال میں دھکیل دیا ہے جس کا نتیجہ قیمتی انسانی جانوں اور اربوں روپے کی املاک کے ضیاع کی صورت میں سامنے آیا ہے۔

(جاری ہے)

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ فوری طور پر اپنے اپنے اضلاع میں متعلقہ اداروں کے ساتھ بیٹھ کر دریاوں اور خوڑ وغیر ہ کی حدود کی نشاندہی کر کے نشانات لگائی جائیں تاکہ موجودہ تجاوزات کا خاتمہ و مزید تجاوزات کو روک کر قیمتی انسانی جانوں و املاک کے ضیا ع کو روکا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات