ڈی پی او کی زیر صدارت کرائم میٹنگ پولیس افسران کی کارکردگی، زیر تفتیش و آن ٹریس مقدمات ،جرائم روک تھام بارے تفصیلی تبادلہ خیال

جمعہ 29 اگست 2025 20:00

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان کی زیر صدارت ڈی پی او آفس میں کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں پولیس افسران کی کارکردگی، زیر تفتیش و آن ٹریس مقدمات اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی سوات غلام صادق خان، ایس پی اپر سوات شوکت علی، ایس پی سی ٹی ڈی پیر زربادشاہ، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر زیراب گل سمیت تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی، ڈی پی او نے سنگین مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے، ملزمان و مطلوب مجرموں کی گرفتاری اور منشیات کے خلاف بھرپور کریک ڈان کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اجلاس میں آمدہ پولیو مہم کے حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ مہم کے دوران 2900 سے زائد پولیس افسران و اہلکاران سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے، ڈی پی او نے ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام افسران و اہلکار بلٹ پروف جیکٹس، ہیلمٹ اور مناسب اسلحہ کے ساتھ ڈیوٹی انجام دیں جبکہ اپنے ارد گرد مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں، انہوں نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز جاری رکھنے، اہم شاہراہوں اور داخلی راستوں پر ناکہ بندیوں و چیکنگ کو مثر بنانے، ون وہیلنگ اور غیر قانونی وارننگ لائٹس کے خاتمے، ہوٹلوں کے معائنے اور "ہوٹل آئی سافٹ ویئر" میں روزانہ اندراج کو یقینی بنانے کی بھی سخت ہدایات جاری کیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت برقرار رکھا جا سکے۔