Live Updates

وزیراعلیٰ مریم نواز کاسیالکوٹ اور وزیر آباد کا دورہ، علاقے میں سیلابی پانی سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ

جمعہ 29 اگست 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلابی صورتحال کا خود جائزہ لینے کیلئے سیالکوٹ اور وزیر آباد کے دورے کیے۔ وزیر اعلیٰ سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وزیر آباد کے علاقہ سوہدرہ پہنچ گئیں۔ جہاں انہوں نے سوہدرہ سکول میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا۔وزیر اعلیٰ کیمپ میں سیلاب متاثرین کے درمیان بیٹھ گئیں۔

انہوں نے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے والدین سے اظہار تعزیت کیا،ماں کو گلے لگا یا، وزیر اعلیٰ نے 22سالہ چاند کے والد کو دلاسہ دیا اور بچوں کی جان بچانے والے نوجوانوں کو بھی شاباش دی۔وزیر اعلیٰ نے سیلاب متاثرین کو فرشی دستر خوان پر بیٹھ کر خود کھانا پیش کیا۔ڈوب کر جاں بحق ہونے والے چاند کی دکھی ماں کو ہمدردی کے ساتھ اسرار کرکے کھانا کھلایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے سیلاب متاثرہ خاندان اور بچوں کو محبت اور پیار کے ساتھ کھانا پیش کیا اور اسرار کر کے کھلایا۔ انہوں نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے ڈور ٹو ڈور سروے کا حکم دیا اورہدایت کی کہ مویشیوں کے لئے فوری طور پر خشک چارے کی فراہمی کے انتظامات کیے جائیں۔وزیر اعلی نے سیلاب میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے نوجوان کے بیماروالد کے علاج کے لئے ڈی سی کو اقدامات کی ہدایت کی اور میڈیکل کیمپ میں میسر ادویات اور دیگر طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

انہوں نے لائیو سٹاک کے سٹال،لائیو سٹاک ادویات کا بھی معائنہ کیا۔سیلاب زدہ علاقوں میں 13 موبائل ہیلتھ کلینک دن رات موجودہیں۔وزیر اعلیٰ نے سیلاب متاثرین میں فوڈ ہیمپر تقسیم کئے۔ڈی سی سوہدرہ نوید احمد شیخ نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں پوری طرح پھنسے 50افراد کو پاک فوج کی معاونت سے ہیلی کاپٹر سے ریسکیو کیا گیا۔

آبادیوں سے سیلابی پانی کے انخلا کے لیے 30 ڈی واٹر پمپ دن رات فنکشنل ہیں۔ سوہدرہ کے 66 موضع مکمل اور 120 جزوی متاثرہوے۔ سیلابی پانی میں گھرے 61000 افراد بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کئے۔ جزوی متاثرہ علا قوں سے 129000 افراد کا انخلا، متاثرہ علاقوں سے 25 ہزار مویشیوں بھی محفوظ مقامات پر منتقل ہوئے۔ محفوظ مقامات پر مقیم دس ہزار لوگوں کوروزانہ صبح، دوپہر اور شام کھا نا مہیا کیا جارہاہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں امن وامان اور جان مال کے تحفظ کے لئے پولیس اور سی سی ڈی چوکیاں قائم کیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات