Live Updates

چوہدری شافع حسین کا گجرات کا دورہ، سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا،متاثرین میں امدادی اشیا تقسیم کیں

جمعہ 29 اگست 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے گجرات کا دورہ کیا ۔ڈپٹی کمشنر آفس میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی نے ریلیف آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ تحصیل گجرات کے 83 مواضعات بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تحصیل گجرات میں 15 ریلیف کیمپ آپریشنل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب کی غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے۔ یہ ایک قدرتی آفت ہے جس کا مل کر ہی مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ اس سال بارشیں زیادہ ہوئیں اور بھارت نے بھی پانی چھوڑا جس سے صورتحال مزید سنگین ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب جلد ہی سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کریں گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ گجرات کی ضلعی انتظامیہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے۔ مسلح افواج اور ریسکیو کے اداروں کی کاوشیں بھی قابل تحسین ہیں۔ انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ انفراسٹرکچر کو جلد بحال کیا جائے گا اور متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے فلڈ ریلیف کیمپ چک سدہ کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین میں امدادی اشیا تقسیم کیں، دریائے چناب کے بند کا معائنہ کیا اور پانی کے بہاو کا جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرین سے ملاقات کی اور متعلقہ محکموں کے افسران کو ضروری ہدایات دیں۔ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق، ممبر صوبائی اسمبلی سید مدد علی شاہ، پاکستان مسلم لیگ گجرات سٹی کے صدر علی ابرار جوڑا، مسلم لیگ یوتھ ونگ کے صدر کامران عثمانی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات