ڈی آئی جی پولیس کا ایگل اسکواڈ کو گاڑیوں اور موٹرسائیکلوںکے کاغذات چیک نہ کرنے کا حکم دینا خوش آئند ہے ، رحیم کاکڑ

جمعہ 29 اگست 2025 22:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)مرکزی انجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ کے صدر عبدالرحیم کاکڑ ، حضرت علی اچکزئی ، میر یاسین مینگل، سعد اللہ اچکزئی ، حاجی ہاشم کاکڑ، ظفر کاکڑ، عبدالخالق آغا، عبدالعلی دمڑ ، ودان علی کاکڑ ، داد اچکزئی، جہانگیر لانگو، نقیب اللہ کاکڑ، عمر اچکزئی، سید عبدالطیف سمیت دیگر نے ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ اعتزاز احمد گورایہ کی جانب سے ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں اور پولیس کے جوانوں کو کاغذات چیک نہ کرنے کے فیصلے اور احکامات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری گزشتہ کئی عرصے سے ایگل اسکواڈ اور پولیس کی جانب سے رات کی تاریکی میں شہریوں کو روک کر موٹر سائیکلوں اور گاڑی سوار لوگوں کی تلاشی لینے اور کاغذات چیک کرنے کے بہانے ان سے رقم وصولی کرتے تھے جس کی وجہ سے آئے روز لڑائی جھگڑے کے واقعات پیش آرہے تھے ہم نے متعدد بار حکام بالا کو اس صورتحال سے آگاہ کیا تھا لیکن اس پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی تھی گزشتہ دنوں ہم نے ایک پیغام جاری کیا تھا جس پر ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ نے نوٹس لیتے ہوئے ایگل اسکواڈ اور پولیس اہلکاروں کو شہریوں کے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو روک ان کے کاغذات چیک کرنے اور تلاشی لینے سے منع کردیا ہے کیونکہ یہ کام ٹریفک پولیس کا ہے اور ٹریفک پولیس اہلکار موثر انداز میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے کاغذات چیک کرتے ہیں ڈی آئی جی کا یہ اقدام خوش آئند ہے جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایگل اسکواڈ اور پولیس اہلکار ان احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بناکر شہریوں کو درپیش مشکلات سے چھٹکارا دلائیں شہری ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں کیونکہ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں نہ کہ عوام اور تاجروں کے لئے اپنے فرائض کی بجا آوری کے دوران مشکلات پیدا کرے۔