Live Updates

سیلاب سے متاثرہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ڈپٹی کمشنر سرگودھا

ہفتہ 30 اگست 2025 15:07

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے کہا ہے کہ سرگودھا کی نواحی تحصیل کوٹمومن میں دریائے چناب کے سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں پانچویں روز بھی جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریلیف کیمپس اور ڈیرہ جات میں مقیم متاثرین کو ناشتے کی فراہمی اسسٹنٹ کمشنرز اپنی نگرانی میں خود کروا رہے ہیں ۔

اسسٹنٹ کمشنرز نے خود ناشتہ بھی متاثرین کے ساتھ ہی کیا۔انہوں نے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ سڑک کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مڈھ رانجھاء اور دیگر متاثرہ علاقوں میں صبح سے وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاک فوج کے جوان بھی ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ بارش کے دوران بھی امدادی سرگرمیاں جاری رکھےہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں موبائل ہیلتھ سروسز، کلینک آن ویلز ،موبائل ہیلتھ یونٹس فعال ہیں جبکہ لائیو اسٹاک سمیت دیگر اداروں کے کیمپس بھی فعال ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سیلابی پانی میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے، کوٹمومن میں اب خطرے کی کوئی بات نہیں، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات