Live Updates

کوٹمومن میں سیلابی صورتحال، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر مسلسل فیلڈ میں، پاک فوج اور ریسکیو ادارے سرگرم

ہفتہ 30 اگست 2025 17:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) فلڈ ایمرجنسی صورتحال کےپیش نظر کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم پچھلے پانچ دن سے متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور خود فیلڈ میں ریلیف و بحالی آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے کوٹ ناجہ، مڈھ رانجھااوردیگرسیلاب متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔

حکام نے فلڈ ریلیف کیمپس میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور فراہم کیجانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ متاثرین نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرہ افراد کی مدد اور بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ڈویژن و ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، ریسکیو 1122، پولیس، سول ڈیفنس، لائیو اسٹاک، صحت اور آبپاشی سمیت تمام ادارے دن رات متاثرہ عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ایک اجتماعی کاوش ہے اور ہم کسی بھی متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے اپنا کیمپ آفس متاثرہ علاقے میں قائم کر رکھا ہےاور مسلسل پانچ دن سے موقع پر رہ کر ریلیف آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ عوام کوکھانےپینےکا سامان، ادویات، صاف پانی اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ موبائل میڈیکل یونٹس اور لائیو اسٹاک کیمپس مکمل فعال ہیں۔

کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے مڈھ چوک سے مڈھ رانجھا تک بہہ جانے والی سڑک کے مرمتی کام کا جائزہ لیا اور اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاک فوج کے جوان عوام کی مدد میں جس طرح سرگرم ہیں وہ قابلِ تحسین ہے۔ ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور تیز تر امدادی اقدامات متاثرہ خاندانوں کے لیے امید کی کرن ہیں۔

علاقے میں پاک فوج کے تعاون سے ریسکیو آپریشنز میں تیزی آئی ہے اور کئی علاقوں میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ دورے کے دوران کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو 1122،پولیس،سول ڈیفنس اوردیگر محکموں کے ورکرز سے ملاقات کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے ایک ٹیم کی طرح کام کر رہے ہیں۔ ورکرز کی انتھک محنت متاثرہ عوام کے لیے ریلیف کا باعث ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر بھلوال، کوٹمومن، بھیرہ اور سلانوالی گزشتہ پانچ دنوں سے مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں اور ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ تمام محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں تعینات عملہ اپنی سو فیصد حاضری یقینی بنائے تاکہ متاثرہ عوام کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات