میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی علما سے ملاقات، ربیع الاول اور جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے انتظامات پر مشاورت

سٹی وارڈنز کو اجتماعات میں سیکیورٹی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی طور پر تعینات کیا جائے گا،میئر کراچی کی بات چیت

ہفتہ 30 اگست 2025 17:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ ہمارے لیے صرف ایک ذمہ داری نہیں بلکہ سعادت اور باعثِ فخر ہے، کراچی بھر میں فول پروف انتظامات کیے جائیں گے، بلدیہ عظمیٰ کراچی مرکزی شاہراہوں اور اہم عمارتوں کو خوبصورت انداز میں سجائے گی جبکہ مذہبی علما کی مشاورت سے پانتظامات کا حتمی پلان مرتب کیا جائے گا، سٹی وارڈنز کو اجتماعات میں سیکیورٹی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی طور پر تعینات کیا جائے گا تاکہ شہری سکون اور تحفظ کے ساتھ مذہبی اجتماعات میں شریک ہوسکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالعلوم مُجًدّدیہ نعیمیہ ملیر میں دارالعلوم کے سربراہ مفتی جان محمد نعیمی سے ملاقات کے بعد علماء اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی بیر سٹر مر تضی وہاب نے کہا کہ شہر کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لیے اقدامات جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث متاثرہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام شروع کیا جا رہا ہے اور کوشش ہوگی کہ جلد سے جلد ان کی حالت بہتر بنائی جائے، گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس سال بارشوں کے دوران سڑکوں پر پانی جمع نہیں ہوا، جو کے ایم سی اور دیگر اداروں کی مشترکہ حکمت عملی کا نتیجہ ہے اور آج شہر کی بڑی شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں ہے، دارالعلوم کے سربراہ مفتی جان محمد نعیمی نے میئر کراچی سے درخواست کی کہ وہ علاقے کی سڑکوں کی مرمت اور استر کاری کو یقینی بنائیں اور ساتھ ہی ساتھ سیوریج لائنوں کے رساؤ کو بھی درست کیا جائے، مفتی جان محمد نعیمی نے میئر کراچی سے درخواست کی کہ وہ ربیع الاول کے دوران کے الیکٹرک کو لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے لیے کہیں، میئر کراچی نے کہا کہ وہ متعلقہ افسران سے بات کریں گے تاکہ ربیع الاول کی محافل اور جلوس کے دوران بجلی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے۔

(جاری ہے)

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جو بلدیاتی مسائل ٹاؤنز کی ذمہ داری ہیں، ان کے حل کے لیے ٹاؤن چیئرمینز کو بھی ہدایت دی جائے گی تاکہ وہ اپنی سطح پر مسائل حل کریں، بعدازاں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میلادالنبی ﷺ کی تقریب میں شرکت کی اور نعتِ رسولِ مقبولنﷺ بھی پیش کی۔