تحریک پاکستان کو منزل تک پہنچانے میں حضرت امیرملت کا کردار تاریخ میں سنہرے حروف سے رقم ہے،مقررین

ہفتہ 30 اگست 2025 18:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) تحریک پاکستان کو منزل مراد تک پہنچانے میں حضرت امیر ملت کا کردار تاریخ میں سنہرے حروف سے رقم ہے،آپکے فکر و عمل نے برصغیر کے مسلمانوں میں حریتِ فکر بیدارکردی، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے حضرت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوری اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائے اور فتنہ قادیانیت کی سرکوبی کیلئے اپنا تن من دھن قربان کر دیا۔

ان خیالات کااظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں امیر ملت حضرت پیر سید جماعت علی شاہ کی برسی کے موقع پر نئی نسل کو ان کی حیات وخدمات سے آگہی فراہم کرنے کیلئے منعقدہ خصوصی نشست کے دوران کیا۔حافظ عثمان احمد نے کہا کہ تحریک پاکستان ایک روحانی تحریک تھی جسے برصغیر کے علماء و مشائخ کا مکمل تعاون حاصل تھا،امیر ملت حضرت پیر سید جماعت علی شاہ نے قیام پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا اور قائداعظم کا بھرپور ساتھ دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے برصغیر کے طول و عرض میں موجود 472 خانقاہوں کے سجادہ نشینوں کو خطوط لکھ کر اسلامی مملکت کے قیام کی خاطر میدان عمل میں نکلنے کی ترغیب دی۔ آپ نے اپنے صاحبزادگان، خلفاء اور مریدوں کو حکم دیا کہ وہ پوری یکسوئی سے مسلم لیگ کی حمایت کریں، اس کی رکنیت حاصل کرکے قائداعظم کے سپاہی بن کراس تحریک میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔پروفیسر محمد سعید شیخ نے کہا کہ23 مارچ 1940 ء کو جب قرارداد پاکستان منظور ہوئی تو حضرت امیر ملت نے اس کی بھرپور تائید و حمایت کی اور اپنے مریدین سے دوٹوک الفاظ میں کہہ دیا کہ جس نے تحریک پاکستان میں حصہ نہ لیا تو اس کا ہمارے ساتھ کوئی تعلق نہیں، نہ ہی میں اس کا جنازہ پڑھائوں گا اور نہ ہی اسے مسلمانوں کے قبرستان میں دفن کریں گے، ان کی اس تنبیہہ کے بعد مسلمان جوق در جوق مسلم لیگ میں شامل ہونے لگے۔

انہوں نے کہاکہ امیر ملت حضرت پیر سیّد جماعت علی شاہ ان عظیم بزرگوں میں شامل ہیں جن کی زندگی کا مقصد صرف تحفظ ناموس رسالتﷺ تھا اور اس مشن کی تکمیل کیلئے انھوں نے شب و روز ایک کر دیئے۔ آپ نے دین اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے سلسلے میں برصغیر کے دور افتادہ علاقوں کا سفر کیا ۔