ًملائیشیا‘پاکستان دوستی کے لازوال رشتوں میں بندے ہیں‘ملائیشین ہائی کمشنر اظہر بن مزلان

ہفتہ 30 اگست 2025 18:25

Jکوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے کوالالمپور میں مشہور زمانہ پیٹروناس ٹاورز کا دورہ کیا اور پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس دورے کا اہتمام پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر داتو محمد اظہر بن مزلان نے کیا تھا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ''ملائیشیا اور پاکستان کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے جس کی بنیاد باہمی اعتماد اور مشترکہ خوشحالی پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انھیں آئی سی سی آئی کی قیادت کو ملائیشیا کی فلیگ شپ کمپنیوں میں سے ایک پیٹروناس کے ساتھ مشغول ہوتے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے اور یہ کہ یہ اقدام کاروباری تعاون کے نئے مواقع فراہم کرے گا اور ہمارے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

(جاری ہے)

''آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی نے کہا کہ توانائی خصوصاً پٹرولیم جدید معیشتوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی توانائی کی طلب بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ پیٹروناس نے پہلے بھی پاکستان کے توانائی کے شعبے میں اپنا حصہ ڈالا تھا، انہوں نے کمپنی کو پاکستان واپس آنے، اپنی موجودگی کو دوبارہ قائم کرنے، اور ایکسپلوریشن، ریفائننگ، ایل این جی اور ڈاؤن اسٹریم سہولیات میں نئے منصوبے تلاش کرنے کی دعوت دی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اصلاحات اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں پر عمل درآمد کر رہا ہے اور یہ کہ پٹرولیم اور توانائی کے شعبے کو عالمی کمپنیوں کے لیے انتہائی پرکشش بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے پیٹروناس انتظامیہ کو یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی اور کاروباری برادری پاکستان میں ان کے آپریشنز کو آسان بنانے کے لیے مکمل تعاون کریں گے۔

آئی سی سی آئی کے نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے مزید روشنی ڈالی کہ پیٹروناس کی جانب سے تجدید کاری سے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو فروغ ملے گا، جس سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، ٹیکنالوجی کے اشتراک اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔آئی سی سی آئی کے وفد میں کنوینر ڈیلیگیشن کمیٹی عمران منہاس، کنوینر آسیان کمیٹی چوہدری محمد علی اور بورڈ کے دیگر اراکین شامل تھے۔ اس موقع پر کوالالمپور میں پاکستانی ہائی کمیشن کی کمرشل کونسلر محترمہ طاہرہ جاوید بھی موجودتھیںن۔