بانڈی پورہ میں آتشزدگی ، 20سے زائدڈھانچے جل کر خاکستر

ہفتہ 30 اگست 2025 18:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ضلع بانڈی پورہ کے علاقے گریز میں آگ لگنے سے کم از کم 20 ڈھانچے جل کر خاکستر ہوگئے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آگ دور افتادہ علاقے کاشپت میں ایک رہائشی مکان سے شروع ہوئی اور تیزی سے قریبی عمارتوں تک جوزیادہ تر لکڑی کی بنی تھیں، پھیل گئی۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں نے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسزکے ساتھ مل کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ علاقے کی سڑک تک محدود رسائی اور ٹیلی مواصلات کی سہولیات کے فقدان کے باعث آگ بجھانے کی کوششوں میں تاخیر ہوئی۔فائر بریگیڈ کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ تقریبا 20ڈھانچے آگ کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ آگ لگنے کی وجہ اور املاک کو ہونے والے نقصان کے بارے میں تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔