Live Updates

سیکرٹری پرائس کنٹرول نے بارشوں اور سیلابی صورتحال میں سبزی و اناج منڈیوں کی سپلائی مانیٹر کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی

ہفتہ 30 اگست 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ کی ہدایت پر بارشوں اور سیلابی صورتحال کے دوران صوبہ بھر کی سبزی و اناج منڈیوں کی سپلائی مانیٹر کرنے کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔کمیٹی کی سربراہی ڈائریکٹر ایگریکلچر (ای اینڈ ایم) پنجاب ڈاکٹر تنویر خالق شامی کریں گے۔پروجیکٹ منیجر (اے ایم آ ایس) محمد اجمل اور ڈائریکٹر (مارکیٹنگ اینڈ ریسرچ) پامرا وسیم اقبال کمیٹی کے رکن مقرر کیے گئے ہیں۔

لاہور کی بڑی سبزی منڈیوں بادامی باغ اور کاچھا کے سیکرٹریز بھی کمیٹی میں شامل ہیں،کمیٹی کی تشکیل کا مقصد عوام کو اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانا ہے،آلو، پیاز، ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی سپلائی پر خصوصی فوکس کیا جائے تاکہ سیلاب کے باوجود قلت پیدا نہ ہو۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن کے مطابق سپلائی متاثر ہونے کی صورت میں کمیٹی فوری طور پر متبادل انتظامات کرنے کی پابند ہوگی، ضرورت پڑنے پر سندھ اور خیبر پختونخوا سے متبادل سپلائی ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے۔

سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر اشیا خورونوش کی فراہمی اور ترسیل کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے، سیلاب زدہ علاقوں اور دیگر شہروں میں بنیادی اشیا کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے افسران فیلڈ میں موجود ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات