بی جے پی بہار میں 65لاکھ اصل ووٹروں کی جگہ جعلی ووٹ شامل کرے گی،راہول گاندھی

ہفتہ 30 اگست 2025 22:50

پٹنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے کہاہے کہ بہار میں ا نتخابی فہرستوں سے 65لاکھ ووٹروں کے ناموں کو حذف کرنے سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے عزائم واضح ہوگئے ہیں اور نریندر مودی حکومت ان تمام ووٹوں کی جگہ جعلی ووٹ شامل کرے گی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راہول گاندھی نے بہار میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے ریاست مہاراشٹر میں تقریبا ایک کروڑ نئے ووٹروں کا اضافہ کیا اور وہاں الیکشن چرایا۔

انہوں نے کہاکہ اب بی جے پی نے ریاست بہار میں اپنا کھیل شروع کردیا ہے اور پہلے ووٹروں کے ناموں کو حذف کردیا اور بعد میں نئے ووٹر شامل کرکے اپنے منصوبے پر عمل کرے گی۔

(جاری ہے)

کانگریس لیڈر نے کہا کہ ووٹ کا حق چھیننا تو صرف شروعات ہے، اس کے بعد راشن کارڈ کی منسوخی، پھر زمین اور بالآخرہر دوسرا حق چھینا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر لسٹوں سے صرف دلتوں، پسماندہ طبقات، غریبوں اور اقلیتوں کے نام ہٹائے گئے ہیں جبکہ کسی امیر شخص کا نام حذف نہیں کیا گیا ہے۔

راہول گاندھی نے کہا کہ ووٹ کا حق آئین نے دیا ہے اور اس کی ضمانت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لوگوں سے ان کے ووٹ کا حق چھین کر آئین پر حملہ کر رہی ہے۔راہول گاندھی نے کہا کہ وہ پہلے ہی بی جے پی کو ووٹ چوری کرتے ہوئے پکڑ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہادیو پورہ میںانتخابات کی چوری کے ثبوت صرف شروعات ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے مہادیو پورہ انتخابی حلقے میں تقریبا ایک لاکھ جعلی ووٹروں کو شامل کیا گیا تھا جس سے بی جے پی کو بنگلور سنٹرل پارلیمانی سیٹ جیتنے میں مدد ملی تھی۔