قابض حکام نے پونچھ ، پلوامہ میں مزید دو کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کرلیں

مقامی آبادی کو بے دخل کرکے مقبوضہ علاقے میں آبادی کاتناسب تبدیل کرنے کیلئے مودی سرکار کے گھنائونے ہتھکنڈے جاری ہیں

اتوار 31 اگست 2025 12:55

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں قابض حکام نے کالے قوانین کے تحت مزید دو کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کرلیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع پونچھ میں بھارتی پولیس نے تحصیل منڈی کے علاقے چپریان کے رہائشی محمد اعظم کی سات مرلہ اراضی ضبط کر لی اور اسے اشتہاری قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پولیس نے ضلع پلوامہ میں رتنی پورہ کے علاقے کھربٹ پورہ میں گلزار احمد ڈار کا دو منزلہ مکان غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ’’یو اے پی اے‘‘کے تحت ضبط کرلیا۔ حکام نے اعلان کیا کہ مکان کو فروخت، منتقل یاکرائے پر نہیں دیا جا سکتا۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ مودی حکومت نے 5اگست 2019کے بعد کشمیریوں کے گھروں، زمینوں اور کاروباروں پر قبضہ کرنے میں تیزی لائی ہے تاکہ مقامی آبادی کو بے دخل کرکے مقبوضہ علاقے میں آبادی کاتناسب تبدیل کیا جائے۔