Live Updates

یکم ستمبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے لیے والدین کی معاونت بہت ضروری ہے،سید مصطفی کمال

اتوار 31 اگست 2025 13:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو حفاظتی ٹیکے لگوانے اور عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کو یقینی بنانے کے لیے والدین کی مدد بہت ضروری ہے۔ وفاقی وزیر نے والدین کو ہدایت کہ وہ حکومت کے ساتھ ہاتھ ملائیں اور یکم ستمبر سے شروع ہونے والی ایک ہفتہ کی طویل انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔

انہوں نے کہا کہ 99 ہائی رسک اضلاع میں ہیلتھ ورکرز پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو ویکسین پلانے کیلئے پر عزم ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا آؤٹ لیٹس بشمول قومی ٹیلی ویژن، ریڈیو سٹیشنز اور اخبارات آگاہی بڑھانے، ویکسینیشن سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے اور بچوں کی صحت کے تحفظ اور اتحاد کے پیغام کو تقویت دینے کے لیے پریس بریفنگ، پبلک سروس کے اعلانات اور حقیقی اپ ڈیٹس نشر ، شائع کرکے مہم کی فعال حمایت کریں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سید مصطفی کمال نے اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ صحافی برادری اور انفلو ئینسرز درست معلومات کو وسعت دیں اور پولیو ویکسین کی حفاظت اور تاثیر کے بارے میں پھیلائی جانے والی گمراہ کن معلومات کا مقابلہ کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو ٹیکے لگوانے اور عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کو یقینی بنانے کے لیے والدین کی مدد بہت ضروری ہے۔

انہوں نے صوبوں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی کوششیں تیز کریں اور خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں یہ وائرس خاموشی سے پھیلتا رہتا ہے۔ پولیو پروگرام کے حکام کے مطابق حالیہ سیلاب کی وجہ سے پنجاب کے کئی متاثرہ اضلاع میں ویکسینیشن مہم ملتوی کر دی گئی ہے جبکہ دیگر علاقوں میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات