روس ،یوکرین جنگ بچوں کی لڑائی جیسی ہے، ٹرمپ

دونوں فریق سیاسی طور پر مذاکراتی حل قبول کرنے کے لیے پختہ عزم نہیں کرسکے،انٹرویو

اتوار 31 اگست 2025 13:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتین اور یوکرینی صدر ولای میر زیلنسکی کے درمیان ملاقات کا امکان اس وقت کم نظر آتا ہے، تاہم انہوں نے بعد ازاں کسی ممکنہ تین رکنی اجلاس کو خارج از امکان قرار نہیں دیا۔ٹرمپ نے امریکی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ دونوں فریق ابھی تک سیاسی طور پر مذاکراتی حل قبول کرنے کے لیے پختہ عزم نہیں کرسکے۔

انہوں نے روس یوکرین جنگ کو بچوں کی لڑائی سے تشبیہ دی جو اس وقت تک جاری رہ سکتی ہے جب تک فریقین رکنے کے لیے تیار نہ ہوں۔امریکی صدر نے اشارہ دیا کہ وہ یورپ کو سکیورٹی ضمانتیں دینے کے لیے تیار ہیں تاکہ جنگ کو ختم کرنے میں مدد ملے، چاہے اس کے لیے محدود امریکی فضائی مدد فراہم کرنی پڑے، تاہم انہوں نے زمینی فوجی بھیجنے کو سختی سے مسترد کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر معاونت یورپی قیادت میں ہوگی جبکہ امریکہ صرف فضائی تعاون فراہم کرے گا۔ ٹرمپ کے مطابق یہ حکمت عملی امریکا فرسٹ کے اصول سے متصادم نہیں، کیونکہ اس میں نہ تو امریکی فوجیوں کو بھیجا جائے گا اور نہ ہی جنگ کی براہِ راست مالی معاونت ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن اسلحہ براہِ راست یوکرین کو نہیں بلکہ نیٹو کو فروخت کرتا ہے، جس سے امریکا کو منافع حاصل ہوتا ہے۔