ہماری پالیسیاں عوامی فلاح پر مبنی ہیں،سردار عامر الطاف

نوجوانوں کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے شعبے میں انقلابی اقدامات کیے جائیں گے،وزیر حکومت

اتوار 31 اگست 2025 14:40

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)وزیر حکومت ٹیکنیکل ایجوکیشن و سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن )آزادکشمیر سردار عامر الطاف نے موجودہ دور حکومت میں حلقہ انتخاب میں ہونے والی تعمیر و ترقی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے معزز زعماء کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں عوام جانتے ہیں کہ ان کے بنیادی مسائل کا حل صرف مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے کیونکہ اس جماعت نے ہمیشہ عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبہ جات کو ترجیح دی ہے ملک میں جب بھی ترقی کے جال بچھائے گئے وہ صرف مسلم لیگ (ن) کے ادوارِ حکومت میں ممکن ہو سکاہمارا ویژن واضح ہے خوشحال عوام ترقی یافتہ ریاست ہم نے عملی طور پر یہ ثابت کیا کہ ہماری پالیسیاں عوامی فلاح پر مبنی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک، موٹرویز، توانائی منصوبے، جدید تعلیمی ادارے، اور صحت کے شعبے میں ترقیاتی کام مسلم لیگ (ن) کے وژن کا حصہ تھے یہی وہ کارکردگی ہے جسے عوام نے پہچانا ہے عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ن لیگ کے ساتھ ہے اور یہ حمایت ان کے ترقیاتی ایجنڈے کی توثیق ہے ن لیگ ایک نظریے اور خدمت کے جذبے کا نام ہے ۔2026کے عام انتخابات میں بھی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام میں جائیں گے ۔

جس طرح حلقہ انتخاب میں بغیر کسی ازم و تعصب کے تعمیر و ترقی کا کام کیا ہے ان شاء اللہ اگر پھر موقع ملا تو اس سلسلے کو اسی شدت کے ساتھ آگے بڑھائیں گے ۔اپنے دور حکومت میں کبھی کسی ووٹر کو رسائی سے نہیں روکا عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ورکنگ کمیٹیوں کو ہمیشہ یہی ڈائریکشن دی کہ وارڈ سطح پر عوامی مسائل کوسنیں اور ان کے ادراک کے لیے اقدامات عمل میں لائے جائیں ۔

ہم نے ہمیشہ جمہوریت، پارلیمنٹ اور اداروں کی بالادستی کی بات کی ہے عوام آج بھی ہمارے ساتھ ہیں اور کل بھی ساتھ ہوں گے۔سردار عامر الطاف خان نے کہا کہ موجودہ حکومت ترقی کے سفر کو ہر صورت جاری رکھے گی اور نوجوانوں کے لیے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے شعبے میں انقلابی اقدامات کیے جائیں گے ہم روزگار تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے مکمل حکمتِ عملی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیںعوام کا اعتماد مسلم لیگ (ن) پر قائم ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ان کے مسائل کا حل صرف مسلم لیگ (ن) کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک میں ترقی اور خوشحالی کی بات ہوتی ہے تو وہ مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں ہی ممکن ہوتی ہے ریاست میں تعمیر و ترقی کا سفر جاری رکھا جائے گا اور عوامی خدمت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔