بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور میں صحافی کو گولی مار دی گئی

بھارت میں پریس کی آزادی اور آزادانہ رپورٹنگ کے حوالے سے سنگین سوالات کھڑے ہوگئے

اتوار 31 اگست 2025 14:40

امپھال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء) بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور میں جہاں صدرراج نافذ ہے، ایک صحافی کو گولی مار کر زخمی کر دیا گیا جس سے بھارت میں پریس کی آزادی اور آزادانہ رپورٹنگ کے حوالے سے سنگین سوالات کھڑے ہوئے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ناگالینڈ میں قائم ہارن بل ٹی وی کے رپورٹر دیپ سائکیا کو ہفتہ کی شام کو پھولوں کے ایک میلے کی کوریج کے دوران ضلع سیناپتی کے علاقے لائی میں گولی مار دی گئی۔

پولیس نے بتایا کہ سائکیا کوجس کا تعلق آسام کے علاقے جورہاٹ سے ہے، پہلے سینا پتی ضلع اسپتال لے جایا گیا اور بعد میں اسے جدید علاج کے لیے ناگالینڈ منتقل کیا گیا۔مسلح شخص کو مقامی لوگوں نے ایئر گن کے ساتھ پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

(جاری ہے)

حکام نے دعویٰ کیا کہ وہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔حملے سے چند دن پہلے ناگالینڈ کے نائب وزیر اعلی ینتھونگو پیٹن نے ووکھا ضلع میں کھلے عام سائکیا کو ان کی حقائق پر مبنی رپورٹنگ پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس سے خطے میں صحافیوں کو درپیش بڑھتے ہوئے سیاسی دبائو کی عکاسی ہوتی ہے۔

ہارن بل ٹی وی کے ایڈیٹر زوتھونو میکرو نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے پریس کی آزادی اور جمہوری اقدار پر حملہ قرار دیا۔ انہوں نے ناگالینڈ اور منی پور کی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنائیں۔