سید علی گیلانیؒ کی جدوجہد کو خراجِ عقیدت،ان کی قربانیاں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی،سمعیہ ساجد

سید علی گیلانیؒ نے اپنی پوری زندگی ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت اور پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی کے لئے وقف کی

اتوار 31 اگست 2025 14:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)سمعیہ ساجدس، مرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ و چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم (کواف) نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عظیم رہنما، حریت پسندوں کے علمبردار اور نظریہء الحاقِ پاکستان کے ترجمان سید علی شاہ گیلانیؒ کی سالانہ برسی کے موقع پر لازوال جدوجہد کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام اور پاکستان کے باسیوں نے ان کے عزم و استقلال کو تاریخ کا روشن باب قرار دیا ہے۔

سید علی گیلانیؒ نے اپنی پوری زندگی ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت اور پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی کے لئے وقف کی۔سمعیہ ساجد نے کہا کہ گیلانیؒ کا نعرہ‘‘ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے’’آج کشمیری نوجوانوں کے ایمان کا حصہ ہے اور یہی پیغام آزادی کی تحریک کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام یہ عہد کرتے ہیں کہ سید علی گیلانیؒ کا خواب ادھورا نہیں رہنے دیا جائے گا اور ان کی جدوجہد منزلِ مقصود تک پہنچا کر دم لے گی۔

وہ ایک ایسے رہنما تھے جنہوں نے قید و بند، گھروں میں نظربندی اور بھارتی ریاستی تشدد کے باوجود اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہ کیا۔ گیلانیؒ نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا کہ کشمیری عوام کی حقیقی منزل پاکستان ہے اور اس کے لیے قربانیاں تاریخ کے صفحات پر سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔آج بھی کشمیری نوجوان، خواتین اور بزرگ سید علی گیلانیؒ کے پیغام کو اپنی رہنمائی کا چراغ سمجھتے ہیں اور ان کی پکار‘‘ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے’’کو اپنا ایمان مانتے ہیں۔

ان کے نظریے نے نئی نسل کو قربانی، استقامت اور اتحاد کا سبق دیا ہے۔سمعیہ ساجد نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ سید علی گیلانیؒ کا مشن اور خواب ادھورا نہیں رہنے دیا جائے گا اور جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے، ان کے نظریے کی شمع جلتی رہے گی۔