سید علی گیلانیؒ پاکستان سے عشق کرنے والے عظیم رہنما تھے، خواجہ دلاور

طویل اسیری، نظر بندی اور شدید بیماری کے باوجود اپنے اصولی مؤقف سے انحراف نہیں کیا

اتوار 31 اگست 2025 14:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء) مسلم کانفرنس صوبہ خیبرپختونخوا کے صدر خواجہ دلاور نے کہا ہے کہ کشمیری حریت تحریک کے عظیم قائد سید علی گیلانیؒ نے اپنی پوری زندگی پاکستان کی محبت اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے وقف کی۔ انہوں نے کہا کہ گیلانیؒ بھارتی جبر و استبداد کے باوجود ڈٹ کر پاکستان کا نام لیتے رہے اور ہر فورم پر یہ اعلان کرتے رہے کہ‘‘ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے۔

خواجہ دلاور نے کہا کہ سید علی گیلانیؒ کی جدوجہد تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ انہوں نے طویل اسیری، نظر بندی اور شدید بیماری کے باوجود اپنے اصولی مؤقف سے انحراف نہیں کیا۔ ان کا ایمان پاکستان تھا اور ان کی سیاست پاکستان سے محبت کے گرد گھومتی تھی۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ آج کشمیری عوام اور پاکستانی قوم یک زبان ہو کر انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانیؒ نے اپنی وصیت کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ کشمیریوں کی اصل منزل پاکستان ہے اور کشمیری عوام اس خواب کی تعبیر کے لیے اپنی قربانیاں جاری رکھیں گے۔ بھارتی حکومت نے ان کی رحلت کے وقت عوام پر پابندیاں عائد کیں، مگر کشمیری عوام نے گھروں کی چھتوں سے سبز ہلالی پرچم لہرا کر دنیا کو بتا دیا کہ گیلانیؒ کا نظریہ آج بھی زندہ ہی.خواجہ دلاور نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت نے جس طرح گیلانیؒ کو خراج عقیدت پیش کیا وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ رشتہ محض جغرافیائی نہیں بلکہ دلی اور ایمانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس گیلانیؒ کے مشن کو سلام پیش کرتی ہے اور یہ عہد کرتی ہے کہ آزادی? کشمیر تک ان کے نظریات کو زندہ رکھا جائے گا۔