او آئی سی-کامسٹیک اور ننگبو یونیورسٹی، چین کے اشتراک سے 19 روزہ سرٹیفکیٹ کورس برائے ایپلائیڈ بایومیڈیکل آرٹیفیشل انٹیلی جنس اختتام پذیر

اتوار 31 اگست 2025 15:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی (کامسٹیک) اور چین کیننگبو یونیورسٹی کے 19 روزہ مشترکہ سرٹیفکیٹ کورس برائے ایپلائیڈ بایومیڈیکل آرٹیفیشل انٹیلی جنس کامسٹیک سیکریٹریٹ میں اختتام پذیر ہوگیا۔ کورس میں 35 او آئی سی رکن ممالک سمیت دنیا کے دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے 350 سے زائد شرکاء (فزیکی و آن لائن) نے کامیابی کے ساتھ شرکت کی اور تربیت مکمل کی۔

کامسٹیک میڈیا ونگ کے مطابق اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے ننگبو یونیورسٹی کے ماہرین خصوصاً اکیڈمیشن پروفیسر ڈاکٹر ژاؤ، پروفیسر ڈاکٹر لیو زنمن، پروفیسر ڈاکٹر یوزونگ چن اور ڈاکٹر وانگ کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کورس میں شریک نوجوان سائنس دانوں اور محققین کے جذبے اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ شرکاء کی بھرپور شرکت نے اس پروگرام کو حقیقی معنوں میں کامیاب بنایا۔

ڈاکٹر شاہد محمود، ایڈوائزر کامسٹیک نے اپنے اظہار خیال میں ننگبو یونیورسٹی کے ممتاز ماہرین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ کورس نہ صرف نظریاتی اعتبار سے گہرا تھا بلکہ عملی تربیت کے اعتبار سے بھی غیر معمولی رہا، جس سے شرکاء کو مستقبل کی تحقیق میں بایومیڈیکل اے آئی کے عملی اطلاقات کے لیے قیمتی مہارتیں حاصل ہوئیں۔کورس میں شریک، ڈاکٹر ہدیٰ سرور، فیکلٹی ممبر، راولپنڈی ویمن یونیورسٹی نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام انتہائی مفید اور جامع تھا۔

میں نے اس کورس سے اہم موضوعات جیسے ورڈ ایمبیڈنگ ٹیکنیکس، بایومالی کیولز انکوڈنگ اور سی این اینز برائے بایومیڈیکل ڈیٹا کے عملی استعمال سیکھے ہیں، جو میری آئندہ تحقیق میں کارآمد ثابت ہوں گے۔اختتامی تقریب میں اسلام آباد میں شریک شرکاء کو سرٹیفکیٹس دیے گئے، جبکہ آن لائن شریک ہونے والوں کو ڈیجیٹل سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔یہ کورس، جس میں ننگبو یونیورسٹی اور کامسٹیک کے معروف سائنس دانوں نے لیکچرز اور تربیتی سیشنز دیے، مسلم دنیا میں بایومیڈیکل آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے شعبے میں طویل المیعاد تعاون اور جدت کی راہیں ہموار کرے گا۔