Live Updates

ریسکیو1122 نے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں مزید تیز کردیں

اتوار 31 اگست 2025 15:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ریسکیو1122 نے سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیاں تیز کردیں، تاندلیانوالہ کے علاقہ میں بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے سیلاب میں پھنسے ہوئے 50سے زائد افراد اور 40مویشیوں کو ریسکیو کرتے ہوئے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ امدادی کاموں کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ خود کر رہے ہیں۔

ریسکیو1122 نے تحصیل تاندلیانوالہ میں دریائے راوی سے ملحقہ ماڑی پتن’بلھے شاہ’جھامرا اور قریبی دیہاتوں میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے 6ریسکیو پوسٹیں اور 5فلڈ ریلیف کیمپ قائم کئے ہیں اور ریسکیو1122 کی ٹیمیں چوبیس گھنٹے الرٹ ہیں۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر احتشام واہلہ کی نگرانی میں ریسکیو1122 کی ٹیموں نے سیلاب میں پھنسے ہوئے 50سے زائدافراد کو ان کے سامان سمیت ریسکیو کرتے ہوئے محفوظ مقامات پر منتقل کیا اور ان کے 40مویشیوں کو بھی محفوظ مقام پر پہنچایا۔

(جاری ہے)

ایک سو سے زائد ریسکیو اہلکار اور رضاکار امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔مزید براں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کے لئے فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں کھانے، پینے اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ جانوروں کے لئے چارہ بھی وافر مقدار میں یقینی بنایا جا رہا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات