پی ایچ ای سی کے زیر اہتمام نوجوانوں کی ترقی کی تنظیم'' برگد'' کے تعاون سے وائس چانسلرز کانفرنس

اتوار 31 اگست 2025 18:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام نوجوانوں کی ترقی کی تنظیم'' برگد'' کے تعاون سے لاہور میں وائس چانسلرز کانفرنس 2025 کا انعقاد کیا گیا جس میں100 سے زائد وائس چانسلرز، ریکٹرز، پالیسی سازوں، بین الاقوامی ماہرین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ترجمان کے مطابق کانفرنس کا مقصد پنجاب میں اعلی تعلیم کے شعبے کو مزید موثر اور پائیدار بنانے کے لیے اصلاحات پر غور کرنا تھا۔

اس موقع پانچ اہم موضوعات تعلیمی معیار و برتری، تحقیق و جدت، کوالٹی ایشورنس، مالی پائیداری اور اچھی طرزِ حکمرانی پر سیشنز ہوئے۔افتتاحی اجلاس سے چیئرمین پی ایچ ای سی ڈاکٹر اقرار احمد خان اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر برگد صبیحہ شاہین نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اعلی تعلیم کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی قومی ترجیحات اور ترقیاتی ضروریات کو بھی پیش نظر رکھا جائے۔

(جاری ہے)

پہلے سیشن عالمی تناظر اور بین الاقوامی تعلیمی تعاون کی صدارت سردار مسعود خان سابق سفیر امریکہ و چین نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر آندریاس برکرٹ (یونیورسٹی آف کاسل، جرمنی) اور پروفیسر راحیل نواز (اسٹافورڈ شائر یونیورسٹی، برطانیہ) نے2029 تک یونیورسٹیوں میں مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس اور ماحولیاتی لچک کو پروگرامز کا لازمی حصہ بنانے پر زور دیا۔

تحقیق اور تدریس میں جدت کے حوالے سے سیشن کی صدارت ڈاکٹر طارق بنوری، سابق چیئرمین ایچ ای سی نے کی، جنہوں نے تحقیق کے ڈھانچے کو مضبوط کرنے اور یونیورسٹیوں میں جدت کی ثقافت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔شہناز وزیر علی صدر زیبست نے کوالٹی انہانسمنٹ اور ادارہ جاتی اصلاحات پر سیشن کی صدارت کی اور مضبوط کوالٹی ایشورنس نظام اور ادارہ جاتی ڈھانچوں پر زور دیا۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین سابق چیئرمین ایچ ای سی نے مالی پائیداری، گورننس اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے حوالے سے گفتگو کی اور کہا کہ یونیورسٹیوں کو جدید طرزِ حکمرانی، مالی خودمختاری اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو اپنانا ہو گا۔برگد کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر صبیحہ شاہین نے سماجی ہم مانگی اور شہری اقدار کے خصوصی سیشن کی پروفیسر ڈاکٹر معید یوسف کے ہمراہ صدارت بھی کی۔

اس سیشن میں پروفیسر ڈاکٹر بشری مرزا، پروفیسر ڈاکٹر زیب النساء حسین اور ڈاکٹر ثاقب مختار نے خطاب کیا اور جامعات کے معاشرتی کردار، سماجی ہم آہنگی اور شہری اقدار کو فروغ دینے پر زور دیا۔ اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیئرمین ایف پی ایس سی جناب حسیب اطہر نے تعلیمی قیادت کے فروغ اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت پر سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔ کانفرنس کا اختتام مشترکہ اعلامیہ اور اصلاحاتی سفارشات کے اجرا پر ہوا۔