سید علی شاہ گیلانیؒ دراصل کشمیر میں پاکستان کے وکیل اور سفیر تھے،عامر عبدالغفار لون

پیر 1 ستمبر 2025 14:48

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر ماحولیات عامر عبدالغفار لون نے بابائے حریت،تحریکِ آزادی کشمیر کے عظیم رہنما سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید علی شاہ گیلانیؒ دراصل کشمیر میں پاکستان کے وکیل اور سفیر تھے۔انہوں نے الحاقِ پاکستان کی ترجمانی کا حق جس بلند حوصلے، بصیرت اور دلیل کے ساتھ ادا کیا وہ تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے۔

ان کا یہ دوٹوک موقف کہ ''ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے’’کشمیری عوام کے دلوں کی آواز اور تحریکِ آزادی کی اساس ہے۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کا کردار تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نہ صرف اپنی سیاسی بصیرت بلکہ اپنے عملی کردار سے یہ ثابت کیا کہ کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کوئی وقتی یا جذباتی نعرہ نہیں بلکہ ایک ناقابلِ تسخیر حقیقت ہے۔

ان کی قربانیاں اور ان کا عزم آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانیؒ کی وفات کے بعد بھی بھارت کے حکمرانوں نے اپنی آمرانہ روش جاری رکھتے ہوئے ان کی تدفین کے وقت انسانی قدروں کو پامال کیا۔ لیکن اس کے باوجود ان کی فکر اور ان کا نظریہ کشمیری عوام کے دلوں میں زندہ ہے اور اس جدوجہد کو کچلنے کی ہر کوشش ناکامی سے دوچار ہو گی۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی پامالی اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی غیر قانونی کوششوں کا سختی سے نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حقِ خودارادیت، دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔